اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیر اہتمام’’جلسہ سیرت النبیؐ ‘‘ کا انعقاد

کویت(محمد عرفان شفیق) کویت کی اسلامی و فلاحی تنظیم "اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت” کے زیر اہتمام ربیع الاول کی مناسبت سے ایک "جلسہ سیرت النبی ﷺ” کا انعقاد کیا گیا، جس میں کویت میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی کاروباری، سیاسی و سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کی نظامت کے فرائض اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے نائب صدر اطہر مخدوم نے ادا کیے، پروگرام کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے کیا گیا جس کی سعادت قاری انصار نے حاصل کی۔ اس کے بعد ثناء خوانان رسولﷺ آفریدی خان اور ‎قاری انصار نے بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ نعت پیش کیا۔

سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے پہلا مختصر خطاب مولانا ملک ارشاد کا تھا، جسکے بعد خصوصی خطاب کے لیے پاکستان سے تشریف لائے ہوئے مولانا حافظ حفیظ الرحمن کو دعوت خطاب دی گئی، جنہوں نے نہایت مدلل اور دل نشیں انداز میں قرآن کریم، احادیث مبارکہ اور اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے واقعات کی روشنی میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پاک کو بیان کیا۔

حافظ حفیظ الرحمن نے حضور اکرم ﷺ کے خصائل و فضائل بیان کرنے کے ساتھ ساتھ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کو بھی حاضرین کے سامنے رکھا اور بتایا کہ امت مسلمہ کے لیے حضورؐ کی سیرت و تعلیمات اور اسلام کے بنیادی اصولوں پر عمل کرنا کتنا ضروری ہے کہ اس کے بغیر انسانیت اپنے مقصد حیات کو نہیں پاسکتی۔ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے آج بھی امت مسلمہ بنی نوع انسان کی امامت کے مرتبے پر فائز ہو سکتی ہے۔

سفارت خانہ پاکستان کویت سے تشریف لائے ہوے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ عامر سیال اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن فیصل مجید نے بھی اس محفل میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

صدارتی خطبہ "صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی” جاوید اقبال نے ارشاد فرمایا۔ جسکے بعد سمر کلاسز میں کام کرنے والے یوتھ ونگ کےساتھیوں کو انعامات سے نوازا گیا۔

آخر میں کویت و پاکستان اور پورے عالم اسلام کے لیے دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔ پروگرام کے میزبان اطہر مخدوم نے کمیونٹی کی شخصیات، حاضرین مجلس اور سفارت خانہ سے تشریف لائے مہمانان گرامی کا فردا فردا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں تمام حاضرین محفل کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔

Islamic Education Committee Kuwait
Comments (0)
Add Comment