ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے 91 یوم الوطنی پر پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے ریاض میں ایک شاندار پروگرام منعقد کیا گیا جس میں سفیر پاکستان بلال اکبر کے علاوہ اہم سعودی شخصیات سمیت پارٹی ورکرز اور ریاض ریجن کی تمام سیاسی ،ادبی، مذہبی، سماجی تنظیموں کے علاوہ کمیونٹی ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔
سعودی عرب میں پاکستان مسلم لیگ ن ریاض ریجن کی جانب سے منعقد ہونے والی رنگا رنگ تقریب کے شرکاء نے پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے بھرپور جوش و جذبے کےساتھ ملی نغموں اور ڈھول کی تھاپ پر دونوں ممالک کے پرچم لہرا کر لازوال دوستی کو اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر سفیرِ پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب مسلم دنیا کا اہم ترین ملک ہے حرمین شریفین کی بدولت پاکستانیوں کے دل اس سرزمین کے ساتھ دھڑکتے ہیں دونوں ممالک ایک دوسرے کے مشکل وقت کے ساتھی ہیں اور یہ مثالی دوستی ہر لحاظ سے مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے اور ستائیس لاکھ پاکستانیوں کا سعودی عرب دوسرا گھر ہے جو اسکی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار نبھا رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے صدر خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ ہم پاک سعودی تعلقات پر فخر کرتے ہیں اور انکو فروغ دینے میں ہمیشہ سے اپنا کردار ادا کرتے آئے ہیں اور عوامی سطح پر اس مثالی دوستی کو مضبوط بناتے رہیں گے۔
اس موقع پر ڈاکٹر خالد بخش اور ڈاکٹر خالد الرشید چیف ایگزیکٹو عرب ٹورزم ایکسپرٹس کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسے مسلم دنیا کا ایک طاقتور ملک سمجھتا ہے اور یہ تعلقات ایسے ہی فروغ پاتے رہیں گے۔
تقریب میں مسلم لیگ ن الخرج کے صدر حاجی امانت مغل کی جانب سے سفیر پاکستان بلال اکبر کو تلوار پیش کی گئی۔مقررین میں ڈاکٹر اسد رومی، عمران علی، میاں ساجد، چوہدری خادم بجاڑ نے بھی اظہار خیال کیا۔
آخر میں پاکستان مسلم لیگ نون یوتھ کے نوجوانوں نے 91 یوم الوطنی کا کیک بھی کاٹا گیا۔