ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں ادبی تنظیم حلقہ فکروفن کی جانب سے معروف شاعر اور ادیب اشفاق حسین کے اعزاز میں ایک شام کا اہتمام کیا گیا حلقہ فکروفن کی جانب سے اشفاق حسین کو خصوصی طور پر کینیڈا سے مدعو کیا گیا تھا۔
محفل مشاعرہ کی شام میں بطور اعزازی مہمانان گرامی میں سفارت خانہ پاکستان کے قونصلر توصیف خاور نامور بزنس مین شکیل احمد کیانی اور اقبال قمر شریک تھے۔
مشاعرے کی صدارت تنظیم کے صدر ڈاکٹر ریاض چوہدری نے کی اسکے علاوہ دارالحکومت ریاض سمیت منطقہ شرقیہ سے مقامی شعراء کرام کو بھی دعوت دی گئی تھی جبکہ ادب سے لگاو رکھنے والے مردوخواتین کی بڑی تعداد بھی محفل مشاعرہ سننے کے لئے شریک ہوئی۔
نظامت کے فرائض وقار نسیم وامق نے ادا کیے اور حلقہ فکروفن کے ناظم الامور ڈاکٹر طارق عزیز نے سپاس نامہ پیش کیا اور مہمان خصوصی اشفاق احمد کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کے قلم سے تخلیق ہونے والے ادب اورتصانیف کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
محفل مشاعرہ کی شام کو مہمان خصوصی اشفاق احمد نے اپنی شاعری سے خوبصورت بنایا اور اپنا کلام پیش کیا جس کو حاضرین نے خوب سراہا اور بھرپور داد دی۔
اس موقعہ پر اشفاق احمد کا کہنا تھا کہ وہ پہلی مرتبہ دارالحکومت ریاض آئے ہیں اور جو پیار انہیں ملا ہے اس کو وہ کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے اور حلقہ فکروفن جس طرح سے ادبی محافل سجاتا ہے اس سے ادب تخلیق کرنے والوں اور ادب سے لگاو رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے حلقہ فکروفن کی ادب کے فروغ کے لئے کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
محفل مشاعرہ میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے حلقہ فکروفن کے صدر ڈاکٹر ریاض چوہدری کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ادب تہذیب کا چہرہ ہوتا ہے اورشاعری چہرے کا حسن ہوتی ہے اور شاعر کی شاعری سننے والوں پر اثر انداز ہوتی ہے اور وہ اس سے جہاں حسین جذبات اجاگر ہوتے ہیں وہیں تعمیری سوچ بھی جنم لیتی ہے حلقہ فکروفن گزشتہ چار دہائیوں سے سعودی عرب میں فروغ ادب کے لئے کوشاں ہے اور مقامی شعراء کرام کو پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جہاں وہ اپنے کلام سے لوگوں کو مستفید کرتے ہیں جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم نامور شعراء کرام کو مدعو کرکے سعودی عرب میں مقیم ادب نواز پاکستانیوں کو ادبی ماحول فراہم کرتا آ رہا ہے اور ہماری یہ خوش قسمتی ہے کہ اشفاق حسین جیسے بڑے شاعر آج ہمارے ساتھ موجود ہیں۔
محفل مشاعرہ میں مقامی شعراء کرام میں غزالہ کامرانی،سائرہ توصیف، شہناز قریشی،ظفر اقبال،قلب عباس،اقبال قمر،مسعود جمال، ڈاکٹر ریاض چوہدری نے کلام پیش کیا اور حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔
اس سے قبل ظفر اقبال اور انکی اہلیہ عروج اصغر نے مہمان خصوصی اشفاق حسین کو پھولوں کے گدستے پیش کیے اور انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم کے صدر عبدالقادر ملاح اور سابق صدر ذیشان قاضی نے ڈاکٹر اشفاق حسین کو روایتی سندھی اجرک پہنائی اور سعودی عرب آمد پر خوش آمدید کہا۔
حلقہ فکروفن کے جنرل سیکرٹری وقار نسیم وامق نے محفل مشاعرہ کے مہمان خصوصی مہمانان اعزازی،شعراء کرام اور کمیونٹی کے مردوخواتین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شعروشاعری کی محافل آئندہ بھی ایسے ہی سجتی رہیں گی۔
آخر میں شعراء کرام کو اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا جبکہ پاک میڈیا فورم کے صدر ذکاءاللہ محسن کو ان کی اعلیٰ صحافتی خدمات کے اعتراف کے طور پر شیلڈ پیش کی گئی۔