تقریب کی صدارت ماہراقبالیات،دانشوربریگیڈیئر ڈاکٹر وحیدالزماں طارق نےکی
پاکستان کا نظریہ پیش کرنے اور جدوجہد میں شامل نمایاں راہنمائوں کی تصویریں ان کے ناموں کے ساتھ کرنسی نوٹوں پر چھاپی جائیں
حضرت علامہ محمد اقبال صرف شاعر نہیں تھے بلکہ ایک فکر کا جہاں تھے،انہوں نے مسلمانوں میں بیداری کی روح پھونکی،ڈاکٹر وحیدالزماں
دبئی (طاہر منیر طاہر) کاروان فکر پاکستان کے زیراہتمام مفکر پاکستان، شاعرانقلاب، حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے سلسلہ میں کاسمو پولیٹن کلب باغ جناح لاہور میں زیر سرپرستی پرنس اقبال گورائیہ فکراقبال کے موضوع پر تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت ماہر اقبالیات، دانشور بریگیڈیئر ڈاکٹر وحیدالزماں نے کی جبکہ مہمان خصوصی دانشور پنجابی کے صاحب اسلوب شاعر پروفیسر محمد عباس مرزا اور کنول نسیم سابق ایم پی اے تھیں۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے محمد اسلم شوق نے کیا، حضرت علامہ محمد اقبال کے مشہور شعر "کی محمد سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں” کی تضمین لگا کر شاعر نعت خواں ولایت احمد فاروقی نے نذرانہ عقیدت بحضور سرورکونین پیش کیا، وحید ناز بھی نذرانہ عقیدت پیش کرنے والوں میں شامل تھے۔ نقابت کے فرائض کاروان فکر کے سیکرٹری انیس احمد نے ادا کئے، صوفی شاعرہ نجمہ شاہین نے کلام اقبال ترنم سے پیش کیا۔
مقررین میں پروفیسر شفقت رسول مرزا، زاہد چوہدری ایڈووکیٹ لیگل ایڈوائزر، دانشور ریٹائرڈ ڈپٹی چیف مکینیکل پاکستان ریلوے ایم اے قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں کرنسی نوٹوں پر وہاں کے مشاہیر کی تصویروں کے ساتھ ان کے نام بھی لکھے جاتے ہیں مگر پاکستان میں صرف قائداعظم کی تصویر ہوتی ہے جس کے ساتھ نام بھی نہیں ہوتا انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نظریہ پیش کرنے اور جدوجہد میں شامل نمایاں راہنمائوں کی تصویریں ان کے ناموں کے ساتھ کرنسی نوٹوں پر چھاپی جائیں۔
مہمان خصوصی پروفیسر محمد عباس مرزا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا جب ہر طرف لگی بندھی شاعری کی جا رہی تھی تب علامہ اقبال نے قوم کو بیدار کرنے والی شاعری سے سوئی قوم میں روح پھونک دی ان کی نظموں میں بیداری کی تحریک روشنی عطا کرتی ہے۔
محترمہ کنول نسیم نے کہا کہ آج ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں تو صرف حکیم الامت کی بیدار کرنے والی شاعری کی بدولت ہے ، بریگیڈیئر ڈاکٹر وحیدالزماں نے کہا حضرت علامہ محمد اقبال صرف شاعر نہیں تھے بلکہ ایک فکر کا جہاں تھے انہوں نے مسلمانوں میں بیداری کی روح پھونکی جس سے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان کا حصول ممکن ہوا۔
تقریب میں ممبران کے علاوہ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے احباب نے کثیر تعداد میں شرکت کی، تنظیم کے چیئرمین نے شرکاء کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔