شارجہ کے بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں سپرفکس ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیرہوگیا
دو روزہ مقابلوں کو شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے دیکھا،مہمان خصوصی محمد سہیل الزرعونی تھے
دبئی (طاہر منیر طاہر) شارجہ کے بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں سپرفکس ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیرہوگیا۔ فائنل مقابلہ براق الیون سعودی عرب اور ایف ایم ٹی یواے ای کے درمیان کھیلا گیا جو ایف ایم ٹی کے یواے ای کے نام رہا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان، انڈیا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، عمان اور سری لنکا سمیت 6 ٹیموں نے شرکت کی۔
ٹورنامنٹ کے بہترین بالر کا ایوارڈ ایف ایم ٹی یو اے ای کے اسامہ علی اور بہترین بالر کا انعام انڈیا فرینڈز کے بنٹی پٹیل کو دیا گیا، انعامات دینے کی تقریب کے مہمان خصوصی یواے ای کی معروف کاروباری شخصیت محمد سہیل الزرعونی تھے، جنہوں نے فاتح ٹیم کے کپتان کو ٹرافی اور 20ہزار نقدی انعام دیا جبکہ رنر اپ ٹرافی اور 10ہزار نقد انعام براق الیون سعودی عرب کو دیا گیا۔
یواے ای کے اس منفرد ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام معروف کاروباری ادارے سپرفکس نے آئیکون کے تعاون سے شارجہ کے بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کیا تھا ۔ 19اور 20نومبر کو منعقدہ ٹورنامنٹ میں داخلہ مفت تھا اس کے علاوہ شائقین کو میدان تک لانے کے لئے مفت ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔ دو روزہ مقابلے کو شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے دیکھا۔
ٹورنامنٹ کے منتظمین نے شائقین کرکٹ کےلئے عمرہ ٹکٹ کا بھی انتظام کیا تھا۔ ٹورنامنٹ کی کامیابی پر سپرفکس کے چیئرمین نوید احمد نے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مل کر اسے کامیاب بنایا ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی کمیونٹی کے لئے ایک چھوٹی سی کوشش کی تھی جس میں وہ کامیاب رہے اور اتنی بڑی تعداد پاکستانیوں کو میدان میں دیکھ کر انہیں بڑی خوشی ہوئی۔
آئیکونک کے سربراہ خاور لطیف نے کہا وہ ایسی کوششیں جاری رکھیں گے جس سے کمیونٹی کے چہروں پر خوشی آئے۔ کمپیئرنگ کے فرائض یاسر صدیق، محمد عاشق، محمد ندیم اور پاکستان سے آئے داؤد بہوچھ نے انجام دیئے۔ مشہور میجیشن عمر فاروق نے تماشائیوں کو اپنے میجک کے مختلف کرتب دکھا کر بہت محظوظ کیا جبکہ لکی ڈرا میں دو خوش نصیبوں محمد عظیم اور عمر فاروق نے عمرہ کے ٹکٹ جیتے۔
تقریب میں امارات میں مقیم معروف پاکستانی شخصیات ، ٹاک ٹاکرز اور فیملیز نے بھی شرکت کی۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے دو روز قبل دبئی کے ایک ہوٹل میں تعریفی تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں اسپانسر، ٹیموں کے کپتانوں اور صحافیوں کو اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں اور ٹورنامنٹ کی ٹرافیوں کی بھی رونمائی کی گئی۔