دوحا(شوبز نیوز)طر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے دوران سابق مِس کروشیا کو سیکیورٹی گارڈز نے نامناسب لباس پہننے پر میدان سے نکال دیا۔
ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں کروشیا نے برازیل کو پینلٹیز پر 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا ہے تاہم میچ کے دوران سابق مِس کروشیا ایوانا نول نے نامناسب لباس زیب تن کیا جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں میدان سے باہر نکال دیا۔
کروشیا کو گزشتہ روز پہلے کواٹر فائنل میں برازیل کا چیلنج درپیش تھا، جس میں برازیلین ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جارہا تھا تاہم پنلٹی ککس پر کروشیا نے میچ جیت کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی ہے، جہاں انکا مقابلہ ارجنٹینا سے ہوگا۔
نامناسب لباس کا دفاع کرتے ہوئے سابق مِس کروشیا سیکیورٹی اہلکاروں سے بات کرتی دکھائی دے رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں کے ساتھ تصاویر بنوائی ہیں اور ہر کوئی مجھے دیکھ کر خوش دکھائی دیتا ہے۔
یاد رہے کہ فیفا ورلڈکپ کے آغاز سے قبل قطر نے شائقین کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا کہ میچ کے دوران شائقین کو مختصر لباس یعنی (کندھوں کو کُھلا رکھنے یا گھٹنے سے اوپر) کپڑے پہن کر میچ دیکھنے کی اجازت نہیں ہوگی، جس پر یورپی ممالک کی جانب سے قطری حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ قطر میں مسلم قوانین کے تحت ورلڈکپ کے دوران شائقین کو بھی مختصر لباس پہننے پر جرمانہ یا جیل بھیجا جاسکتا ہے۔