ٹوکیو(عرفان صدیقی)جاپان کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی ہنڈا موٹرز جاپان کے اعلیٰ سطح کے وفد نے جاپان میں مقیم پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران انہیں کمپنی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جبکہ پاکستان میں کمپنی کی آٹو موبائل اور موٹر سائیکل انڈسٹریز کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ نے کمپنی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی تعریف کی ساتھ ہی وفد کو پاکستان میں کسٹمرز کی ڈیمانڈ کے حوالے سے گفتگو کی ۔
سفیر پاکستان نے جاپانی کمپنی کو ماحول دوست اور کم فیول استعمال کرنے والی کاروں اور موٹر سائیکلوں کے نئے ماڈلز کو متعارف کرانے کے لیے نئی سرمایہ کاری پر بھی زور دیا ، ساتھ ہی سفیر پاکستان نے جاپان میں پاکستان کے سرمایہ کاری کے اعزازی قونصلر کی می ہیدے ایندو سے بھی ملاقات کی ۔
اس موقع پر کی می ہیدے ایندو نے پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف طریقہ کار پر گفتگو کی جبکہ سفیر پاکستان نے بھی جاپان سے سرمایہ کاروں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنے کے لیے تجاویز پیش کیں۔
واضح رہے کہ جاپان میں پاکستان کے نئے سفیر رضا بشیر تارڑ کی تعیناتی کے بعد پاکستان اور جاپان کے درمیان سیاسی اور معاشی امور میں تعاون کے لیے کوششوں میں تیزی ریکارڈ کی جارہی ہے ۔