نیویارک(شوبز نیوز)ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے خصوصی سفیر کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آسکر یافتہ امریکی سٹار اداکارہ انجلینا جولی 2001 میں اقوام متحدہ کے ساتھ منسلک ہوئی تھیں اور انہیں 2012 میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے نمائندہ خصوصی کا عہدہ تفویض کیا گیا تھا۔21 سال اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے جنگ اور آفت زدہ علاقوں کی بحالی کے لیے کام کرنے والی انجلینا جولی اب اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئی ہیں۔اس حوالے سے اقوام متحدہ اور انجلینا جولی نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
انجلینا جولی نے اپنے بیان میں کہا کہ "اقوام متحدہ کے تحت 20 سال کام کرنے کے بعد میں یہ محسوس کرتی ہوں کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں مختلف طریقے سے کام کروں، پناہ گزینوں اور مقامی تنظیموں کے ساتھ براہ راست کام کروں اور انکے مسائل کے حل کے لیے ان کے موقف کو اجاگر کروں،انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ میں پناہ گزینوں اور دیگر بے گھر لوگوں کی مدد کے لیے آنے والے سالوں میں اپنی طاقت میں ہر ممکن کوشش کرتی رہوں گی” ۔
جنیوا میں قائم ایجنسی نے کہا کہ” انجلیناجولی نے "انتھک محنت کی ہے،ابھی حال ہی میں انہوں نے یو این ایچ سی آر کے ساتھ یمن اور برکینا فاسو کا سفر کیا تاکہ بے گھر لوگوں سے ملاقات کی جا سکے جو دنیا کی دو انتہائی کم امدادی ہنگامی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں”۔
یو این ایچ سی آر کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے کہا، "ہم ان کی دہائیوں کی خدمات، ان کے عزم، اور پناہ گزینوں اور نقل مکانی پر مجبور لوگوں کے لیے انہوں نے جو فرق پیدا کیا ہے اس کے لیے شکر گزار ہیں،انکے ساتھ ایک طویل اور کامیاب وقت کے بعد میں ان کی اپنی مصروفیت کو تبدیل کرنے اور اس کے فیصلے کی حمایت کرنے کی خواہش کی تعریف کرتا ہوں اور میں جانتا ہوں کہ پناہ گزینوں کا مسئلہ اس کے دل کے قریب رہے گا، اور مجھے یقین ہے کہ وہ اسی جذبے اور توجہ کو ایک وسیع تر انسانی پورٹ فولیو میں لائے گی۔”
واضح رہے کہ انجلینا جولی کا شمار ان ہالی ووڈ فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے مختلف قدرتی آفات اور واقعات کے بعد پاکستان کے دورے کئے۔رواں برس بھی انجیلنا جولی سندھ اور بلوچستان میں ہونے والی غیر متوقع شدید بارشوں کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں کے جائزے اور متاثرین کی امداد کے لیے پاکستان آئی تھیں۔