ٹورنٹو(نیوز ڈیسک)کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کی ایک رہائشی عمارت میں فائرنگ کے واقعے میں 5 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جب کہ حملہ آور بھی مارا گیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ٹورنٹو پولیس کو رہائشی عمارت میں فائرنگ کے واقعے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تو قیامت خیز منظر دیکھا۔رہائشی عمارت کے مختلف اپارٹمنٹس میں مجموعی طور پر پانچ لاشیں موجود تھیں جب کہ ایک شخص زخمی حالت میں ملا جس نے حملہ آور کے بارے میں بتایا۔
تاحال حملے کے محرک کا پتہ نہیں چل سکا۔ قاتل اور مقتولوں کے درمیان کسی قسم کے رشتے، کاروبار یا جان پہچان سے متعلق تفتیش جاری ہے۔پولیس نے حملہ آور کا طویل تعاقب کیا اور بالآخر ملزم کو گھیر لیا۔ پولیس نے مسلح ملزم کو گرفتاری دینے کو کہا لیکن اس نے فائرنگ کردی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور مارا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور راہگیروں کو نقصان پہنچا سکتا تھا اور مسلح بھی تھا اس لیے ہلاک کرنا پڑا۔
ہلاک ہونے والے اور قاتل کے شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ اہل خانہ کی اجازت کے بغیر شناخت ظاہر نہیں کرسکتے۔