برسلز میں قائم PABOCCI کے صدر حافظ اُنیب راشد کی صدر DCFA شاکر عمر گجر سے ملاقات

ملاقات کراچی میں واقع DCFA کے دفتر میں ہوئی، شاکر عمر گجر نے حافظ اُنیب راشد کا سندھی اجرک اور ٹوپی پہنا کر استقبال کیا

کراچی (تارکین وطن نیوز) یورپین دارالحکومت برسلز میں قائم پاک-بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حافظ اُنیب راشد نے کراچی میں ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدرشاکر عمر گجر سے ملاقات کی ۔

یہ ملاقات کراچی میں واقع DCFA کے دفتر میں ہوئی جہاں پہنچنے پر شاکر عمر گجر نے حافظ اُنیب راشد کا سندھی اجرک اور ٹوپی پہنا کر استقبال کیا۔ سب سے پہلے حافظ اُنیب راشد نے شاکر عمر گجر سے ان کی والدہ محترمہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور ان کیلئے دعائے مغفرت کی۔

بعد ازاں شاکر عمر گجر نے تفصیل کے ساتھ ڈی سی ایف اے کی کارکردگی، اس کے کام کرنے کے طریقہ کار اور اس کے پاکستان بھر میں پھیلے ہوئے کسانوں کے ساتھ رابطوں کے نیٹ ورک پر روشنی ڈالی۔ نہوں نے بتایا کہ عام فارمر سے تعلق رکھنے والا کراچی کا ڈیری سیکٹر ان کی پہلی ترجیح تھا جہاں ان کے شہید والد نے اس حوالے سے اپنے ابتدائی کام کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے اسی کام کو آگے بڑھایا اور ڈیری سیکٹر کے عام فارمر کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے اس کو منظم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر PABOCCI کے صدر حافظ اُنیب راشد نے شاکر عمر کی قیادت میں DCFA کے کام کو خوب سراہا۔

دونوں راہنماؤں نے اس موقع پر ان مسائل پر بھی غوروخوض کیا جو پاکستان کے عام کسان پر مشتمل ڈیری سیکٹر کو درپیش ہیں۔ ملاقات میں اس بات پر شدید تشویش ظاہر کی گئی کہ پاکستان میں بھینس کی صورت میں موجود قدرت کے عظیم انعام اور اس کی پیدا ہونے والی نئی نسل کو سلاٹرنگ کی صورت میں شدید خطرہ لاحق ہے۔ جبکہ گوشت کی صورت میں انسانی بھوک مٹانے کی خواہش ہماری نئی نسل کو اس دھرتی کے اپنے جانوروں کے دودھ سے محروم کردے گی۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ صوبائی حکومتیں سر جوڑ کر بیٹھیں اور تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ ملا کر ان مسائل کا پائیدار حل نکالیں۔

دونوں راہنماؤں نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں تنظیمیں پاکستان کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے 90 فیصد عام ڈیری فارمر کسان کی ترقی، اسے منظم کرنے اور وطن عزیز پاکستان میں دودھ اور گوشت کی پیدوار میں اضافے کی کوششوں میں ایک دوسرے سے بھر پور تعاون کرینگی۔

اسی طرح اس بات کا اعادہ بھی کیا گیا کہ برسلز میں دونوں تنظیموں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی بنیاد پر پاکستان کے ڈیری سیکٹر کے کسانوں کو دنیا بھر میں موجود ڈیری کے حوالے سے تجربات کو خود اپنی آنکھوں سے دیکھنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے دوروں کو بھی منظم کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈی سی ایف اے کے صدر شاکر عمر گجر نے حافظ اُنیب راشد کا ڈی سی ایف اے کے دفتر آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں آرگنائزیشن کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ بعد ازاں شاکر عمر گجر نے مہمان کو بھینس کالونی کے مختلف سیکٹرز کا دورہ بھی کرایا۔اسی دوران حافظ اُنیب راشد نے شاکر عمر گجر کے دیگر بھائیوں جمیل عمر گجر، شکیل عمر گجر، آصف عمر گجر اور اویس عمر گجر سے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ بھی ان کی والدہ محترمہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔

DCFAPABOCCI
Comments (0)
Add Comment