برسی میں امارات بھر سے پی پی پی کے لیڈران،کارکنوں،جیالوں اور آفیشلز کی شرکت
مقررین نے بھر پور اور جذباتی انداز میں بینظیر بھٹو شہید کو خراج تحسین پیش کیا
بینظیر بھٹو شہید عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم اور دنیا کی عظیم لیڈر تھیں
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان کی سا بق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی 15ویں برسی گزشتہ دنوں دبئی میں منائی گئی جس کا اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی یو اے ای کے صدر سردار جاوید یعقوب اور جنرل سیکرٹری ملک خادم شاہین نے دبئی کے ایک ہوٹل میں کیا۔
برسی کی اس تقریب میں امارات بھر سے پی پی پی کے لیڈران، کارکنوں،جیالوں اور آفیشلز نے شرکت کی، جن میں محمّد یوسف بٹ، حاجی طالب طاس، انیس الرحمان، حافظ عابد بشارت، فاروق بانیاں، حافظ ارشد، چودھری شہباز، چودھری اخلاق، محمد اسلم خاصخیلی، عزت اسلم، ڈاکٹر شبنم ناز، عنصر آفریدی، محبوب کسانہ، میاں منیر ہا نس، عامر محمود، زاہدہ ملک، نوید قادری، چودھری اخلاق احمد، ولید حنیف، سلطان محمود، زاہد رضا، ارشاد جاوید، انوار چوہان، ذا کر زیشا ن اور PYO کے نوجوان شامل تھے۔
اس موقع پر سردار جاوید یعقوب، میا ں منیر ہانس، ملک خادم شاہین اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو اقوام عالم کی عظیم لیڈر اورعالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں، ان کی قابلیت اور سیاسی دانش کے سب معترف تھے۔
محترمہ ایک منجھی ہوئی اعلیٰ پائے کی سیاست دان تھیں،وہ پاکستان کو ایک درست سمت لے جانا چاہتیں تھیں، لیکن کچھ نادیدہ قوتوں کو یہ سب منظور نہ تھا اور انہوں نے 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کر دیا۔
نادیدہ قوتوں کی یہ سوچ تھی کہ وہ بینظیر بھٹو کوراستے سے ہٹا کرپاکستان پیپلز پارٹی کو ختم کر دیں گے لیکن ان کی یہ سوچ ادھوری رہی اورپاکستان پیپلز پارٹی مزید مضبوط اور پختہ ہو کر سامنے آئی، بینظیر بھٹو کی قوم و ملک کے لئے قربانی سے پاکستان پیپلز پارٹی انمٹ ہو چکی ہے اور پاکستان کے عوام کے دلوں میں رچ بس چکی ہے، آنے والا دور پھر پیپلز پارٹی کا ہے جب بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔
مقررین نے کہا کہ مرد حر، سابق صدر آصف علی زرداری اوربلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی مقبول اور مضبوط ترین پارٹی بن چکی ہے، پاکستان میں پیپلز پارٹی کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے ووٹرز پکے اور نظریاتی ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے اپنے لیڈروں کی ایک آوازپر اپنا تن، من، دھن لٹانے کو تیار ہیں، پیپلز پارٹی ایک غریب پرور پارٹی ہے جو متوسط اور غریب طبقہ کے لوگوں کی نمائندگی کرتی ہے اور یہی پارٹی سب کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔
برسی کی تقریب کے آخر میں محمد اکرم شہزاد نے محترمہ بینظیر بھٹوشہید اور پیپلز پارٹی کے دیگر شہداء کےلئے دعائے مغفرت کی۔