سویڈن میں قوانین کی ترمیم سال 2023 کے آغاز کے ساتھ ہی چند قوانین نافذالعمل ہوگئے

سٹاک ہوم(زبیر حسین)سویڈن میں قوانین کی ترمیم سال 2023 کے آغاز کے ساتھ ہی چند قوانین نافذالعمل ہوگئے جن میں2جنوری سےپالتو بلیوں کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی ہے، اس وقت تقریباً 7لاکھ بلیاں بطور پالتو جانور لوگوں کے گھروں میں موجود ہیں، ان تمام بلیوں کو چپ لگوانا اور متعلقہ ادارے میں رجسٹرڈ کروانا لازمی قرار دے دیا گیا۔

تمباکواور دیگر قانونی نشہ اور اشیا ء پر ٹیکس بڑھا دیاگیا ہے، سویڈش تمباکو (Snus) اور سگریٹ کے پیکٹ پر 1 کرونا ٹیکس بڑھا دیا گیا۔

ماحولیاتی آلودگی کے تحفظ کے لئے بجلی سے چلنے والی کاروں پر ٹیکس کی چھوٹ کو ختم کردیا گیا۔ ذاتی مکانات کی تزئین اور آرائش یا مرمت کے لئے ایسوسی ایشنز کی اجازت درکار ہوگی، ایسوسی ایشنز اصول وضع کریں گی کہ کس طرح تز ئین اور آرائش یا مرمت کی جائے۔

پینشن کی کم سے کم عمر 62 سال سے بڑھا کر 63 سال کردی گئی، اگر کوئی پینشن کی عمر کے بعد بھی کام کرنا چاہے تو وہ 69 سال کی عمر تک کام کرسکتا ہے۔

گاڑی سیکھتے وقت شناختی دستاویز ساتھ ہونا لازم قرار دے دیاگیا بصورتِ دیگر جرمانہ عائد ہوگا۔ ڈرائیونگ ٹیسٹ میں نقل کرنے والوں کو کم ازکم 1 سال اور زیادہ سے زیادہ 2 سال تک ٹیسٹ میں شرکت پر پابندی کا سامنا ہوگا۔

یونیورسٹی میں داخلے کے ٹیسٹ (Hogskolaprovet) کے لئے طلبہ کی جامعہ تلاشی کی جائے گی جبکہ ٹیسٹ کی فیس 450 سے بڑھا کر 550 کردی گئی۔

سی ایس این کے قرضوں پر سود کی شرح میں اضافہ کردیا گیا، اب طلبہ پڑھائی کے قرضوں پر 0,59 فیصد سود ادا کریں گے۔

ٹی وی اور ریڈیو لائسنس کی فیس کم کردی گئی اب عوام کو 1300کرونا فی کس سالانہ ٹی وی اور ریڈیو لائسنس کی مد میں ادا کرنا ہوگا۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 1 کرونا کم کیا گیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment