اقوام متحدہ کشمیریوں کوحق خودارادیت دلانےکیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے،جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز

جدہ(امیر محمد خان سے)اقوام متحدہ ۵ جنوری ۱۹۴۹ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کا آزادی کے لیے مسلمہ حق خودارادیت دلائے، جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز کی ۵ جنوری یوم حق خودارادیت کے حوالے سے جدہ میں تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں شرکا کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو بھارت کے ظلم ستم پر چھوڑ دیا گیا ہے، آج تقریباً ۷۵ سال ہوگئے ہیں لیکن اقوام متحدہ نہ ہی مظالم رکوا سکی اور نہ ہی کشمیریوں کو دیا گیا ان کا مسلمہ حق رائے دہی دلانے میں کوئی کاوش کر سکی ۔

کشمیریوں نے اس کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی لیکن بھارت کی مکاری ، عیاری اور اقوام عالم کے اپنے ذاتی مفاد اور مقاصد مظلوم کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے نمک چھڑکتے رہے، بھارت نے پچھلی ساڑھی سات دہائیوں میں لاکھوں انسانوں کی جانیں لیں ، عزتوں کو پامال کیا اور جبر اور تشدد کے ذریعے معصوم کشمیریوں کو معذور کیا۔

اس کا جبری تسلط اور ظلم کا تسلسل جاری ہے لیکن اقوام عالم اور انکی نمائندہ تنظیم اقوام متحدہ خاموش تماشائی کی طرح ان مناظر کو دیکھ رہے ہیں ،انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں،ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے اور انھیں ہندوستان کے تسلط سے آزاد کیا جائے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ ۵ جنوری ۱۹۴۹ کی اپنی قراردادوں کے مطابق آزادی کے لیے حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرے۔

کشمیری قوم مختلف نظریات اور خیالات کے باوجود اس بات پر متفق ہے کہ حق خودارادیت کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند رکھی جائے گی اور اللہ تعالی سے قوی امید ہے کہ کشمیر کی آزادی کی راہ ایک دن ضرور ہموار ہوگی ۔

تقریب کی صدارت نو منتخب چیئرمین جے کے سی او سردار وقاص عنایت اللہ نے کی جبکہ سردار عبداللطیف عباسی چیف آرگنائزر جے کے سی او مہمان خصوصی تھے،نظامت کے فرائض نومنتخب سیکریٹری جنرل کامران بیگ نے ادا کیے۔

تقریب سے دیگر جن مقررین نے خطاب کیا ان میں سردار اشفاق خان، چوہدری خورشید متیال،انجینئر عارف مغل، راجہ شمروز ، وحید خاکسار، معروف حسین، غلام مصطفے، نصر اقبال سردار خان، انجینئر نعمان تصدق، اسرار عباسی، سردار اعجاز ، احسان الحق اور دیگر شامل ہیں ۔

JKCO jeddah
Comments (0)
Add Comment