بیرون ملک مقیم زیادہ تر لوگ موٹاپا،بلڈ پریشر،شوگر،کولیسٹرول اور دیگر موذی امراض کا شکار کیوں ہو جاتے ہیں؟

نظام انہضام میں بد نظمی،بدہضمی،پیٹ کے امراض،گیس کا پیدا ہونا اور دل کے امراض کا سبب کیا ہے؟

بے خوابی،نیند میں کمی،نظام الاوقات میں بے اعتدالی بیشمار بیماریوں کی وجہ ہے

امینہ ہسپتال عجمان کے فیملی میڈیسن اسپیشلسٹ پاکستانی ڈاکٹرمحمد وقاص انور سے بات چیت

دبئی (طاہر منیر طاہر) موٹاپا کوئی صحت کی علامت نہیں بلکہ ایک بیماری ہے جس کا فوری علاج اور موٹاپے کی روک تھام ضروری ہے- موٹاپے کی وجہ سے دیگر بیشمار امراض پیدا ہوتے ہیں جوبعد ازاں جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہارامینہ ہسپتال عجمان کے فیملی میڈیسن اسپیشلسٹ پاکستانی ڈاکٹر محمد وقاص انور نے ایک ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم زیادہ تر لوگ موٹاپا، بلڈ پریشر، شوگر، کولیسٹرول اور دیگر موذی امراض کا شکار ہو جاتے ہیں جس کی بڑی وجہ بے خوابی، نیند میں کمی، نظام الاوقات میں بے اعتدالی اورباقاعدہ سیریا ورزش کا نہ ہونا ہے جبکہ نظام انہضام میں بد نظمی، بد ہضمی، پیٹ کے امراض، گیس کا پیدا ہونا اور دل کے امراض کا سبب بن سکتا ہے۔

ڈاکٹر محمد وقاص انور نے کہا کہ پاکستان سے جب بھی کوئی نوجوان حصول روزگار کے لیے بیرون ملک آتا ہے تو سمارٹ اور دبلا پتلا ہوتا ہے جبکہ چند ہی ماہ کے اندر اس کا وزن بڑھنا اور جسم پھولنا شروع ہو جاتا ہے، جو صحت کی نہیں بلکہ موٹاپے کے شروع ہونے کی علامت ہے، موٹاپا از خود ایک بیماری اور دیگر کئی امراض کا سبب ہے۔

بیرون ملک آ کر سب کے نظام الاوقات بدل جاتے ہیں، سارا دن کام کرنے کے بعد زیادہ تر لوگ کھانا کھا کر بیٹھ رہتے ہیں، واک نہیں کرتے اور زیادہ تر وقت ٹی وی اور موبائل پر صرف کرتےھوئے وہیں سو جاتے ہیں، نظام الاوقات میں بے اعتدالی اور ورزش نہ کرنے کی وجہ سے نظام انہضام میں بد نظمی، بد ہضمی، پیٹ کے امراض اور پیٹ میں گیس کا پیدا ہونا دل کے امراض کا سبب بن سکتا ہے۔

فیملی میڈیسن اسپیشلسٹ ڈاکٹر محمد وقاص انور نے مزید کہا کہ موٹاپا، بلڈ پریشر، شوگر، کولیسٹرول اور دیگر موذی امراض سے بچاؤ کے لئے ابتداء میں ہی حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ "پرہیز علاج سے بہتر ہے” کے فارمولے پر عمل کرتے ھوئے ہم اپنے معمولات زندگی اوراوقات خو رد و نوش میں تبدیلی لا کر بہت سے امراض سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

ادویات کسی بھی مرض کا مستقل علاج نہیں بلکہ وقتی طور پر کسی مرض کو روکتی ہیں لہذا ثقیل خوراک کے استعمال سے پرہیز کر کے بہت سے امراض کو پیدا ہونے سے روکا جا سکتا ہے، ڈاکٹر محمد وقاص انور نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مسالہ دار بازاری کھانوں، ثقیل خوراک، تیل میں تلی ہوئی اشیاء، سوفٹ ڈرنکس، فاسٹ اور جنک فوڈزسے احتراز کریں۔

موٹاپا، بلڈ پریشر، شوگراور کولیسٹرول دیگر کئی مہلک امراض کا سبب ہے لہذا متذکرہ امراض سے ہر ممکن بچنا چاہیے، انہوں نے پاکستانی بھائیوں کو ہم وطن ہونے کے ناتے آفر دی ہے کہ وہ متذکرہ اور دیگر امراض سے محفوظ رہنے اور مشورہ کیلئے ان سے وٹس ایپ نمبر 6379227 055 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

موٹاپا،بلڈ پریشر،شوگر،کولیسٹرول
Comments (0)
Add Comment