ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین شہباز رسول وڑائچ کی زیر قیادت وفد کی صدرPABOCCI حافظ اُنیب راشد سےملاقات

لاہور ( تارکین وطن نیوز) ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین شہباز رسول وڑائچ کی قیادت میں وفد نے یورپین دارالحکومت برسلزمیں قائم پاک-بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حافظ اُنیب راشد سے لاہور میں الفا فارمز پر ملاقات کی۔ وفد میں کمرشل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر اسلام بٹ اور پنجاب کے صدر محمد خان بابر بھٹی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاک بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حافظ اُنیب راشد نے ڈی سی ایف اے کے صدر شاکر عمر گجر سے اپنی جرمنی اور بیلجیئم میں ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کے عام ڈیری فارمر کیلئے ڈی سی ایف اے کے کام کو خوب سراہا۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح کم ترین وسائل کے باوجود تنظیم اور اس کی قیادت پاکستان میں ڈیری سیکٹر کیلئے آواز بلند کر رہی ہے، وہ انتہائی قابل ستائش ہے۔ گفتگو میں اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ صحیح و مستند ڈیٹا کی غیر موجودگی میں پاکستان کے ڈیری سیکٹر کے بارے میں مکمل معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ اور یہی اس سیکٹر کے مستقبل کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ کیونکہ کوئی حکومت اگر اس بارے میں کوئی پالیسی بنانا بھی چاہے تو وہ ہمیشہ ناقص رہے گی۔ اسی کے باعث پاکستان کی بہترین نسلی بھینسوں کو شدید خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق پایا گیا بڑھتی ہوئی آبادی کی دودھ اور ترقی کرتے ہوئے فوڈ سیکٹر میں گوشت کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے برییڈ چینج پر ہنگامی اور فوکس انداز میں کام کرنےکی سخت ضرورت ہے۔ ورنہ وہ دن دور نہیں جب گوشت کا ناغہ کرنے کے دن 2 سے بڑھا کر 5 کرنا پڑیں گے۔ اس موقع پر ڈی سی ایف اے کے مرکزی چیئرمین شہباز رسول وڑائچ نے اوورسیز پاکستانیوں کی اپنے ملک کی ترقی میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملک کیلئے نیک شگون قرار دیا۔

انہوں نے امید ظاہرکی کہ پاک بینیلکس اوورسیز چیمبر جیسی تنظیمیں ترقی یافتہ دنیا سے ٹیکنالوجی ٹرانسفر میں مدد کرکے پاکستان کے عام کسان اور ڈیری فارمر کو ترقی کرنے اور ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر کمرشل فارمرز کے صدر اسلام بٹ نے PABOCCI کے صدر حافظ اُنیب راشد کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ یہ باہمی تعاون کسان کو خود کفیل بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

آخر میں دونوں تنظیموں نے ڈی سی ایف اے کے اس مطالبے کو دہرایا کہ حکومت ملک سے ڈیری سیکٹر میں استعمال ہونے والے را میٹیریل کی ایکسپورٹس پر مکمل پابندی عائد کرے تا کہ مناسب قیمتوں پر انسانی ضروریات پوری ہوتی رہیں۔اس موقع پر الفا فارمز کے سی ای او اسامہ عثمان بھی موجود تھے۔

ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن
Comments (0)
Add Comment