سوچا نہیں تھا زندگی میں کبھی اتنی کامیابی ملے گی،انجینئر اکمل پرویز

زندگی میں کامیابی محنت ، دعائوں ، خوش قسمتی اور نرم دلی کا مرکب ہے

والد نے ہمیشہ سود سے بچنے اور ایمانداری سے کام کرنے کا درس دیا

معروف سماجی و کاروباری شخصیت انجینئر اکمل پرویز سے خصوصی گفتگو

ٹوکیو(رپورٹ:عرفان صدیقی)زندگی میں کامیابی صرف محنت سے ممکن نہیں بلکہ کامیابی دراصل محنت ، دعائوں ، خوش قسمتی اور نرم دلی کا مرکب ہے، یہ بات انتہائی کم وقت میں ترقی کی منازل طے کرنے والے معروف سماجی و کاروباری شخصیت انجینئر اکمل پرویز نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انجینئر اکمل پرویز کی کمپنی فیول اسٹوریج ٹرمینلو اور ٹرن کی سلو ن کے ساتھ انڈسٹریل پلانٹ لگانے میں مہارت رکھتی ہے ،اکمل پرویز کی کمپنی سعودی عرب کے شہر جدہ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے لیے جیٹ فیول اسٹوریج ٹرمینلزُ بنانے کا بھی اعزاز رکھتی ہے۔

انجینئر اکمل پرویز سعودی عرب میں کئی سو ملین ریال کے درجنوں پروجیکٹ مکمل کرچکے ہیں جبکہ کئی منصوبے زیر تکمیل بھی ہیں ، ان کی کمپنی میں براہ راست تین سو پاکستانی و سعودی ملازم خدمات انجام دے رہےہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں ہنر مند اور ماہرین ان کے منصوبوں سے منسلک ہیں۔

اکمل پرویز کے مطابق انھوں نے 2006 میں کاروبار کا آغاز کیا اور سترہ برسوں میں سعودی عرب میں مقیم کامیاب ترین پاکستانیوں میں ان کا شمار ہوتاہے ، اکمل پرویز کے مطابق انھوں نے زندگی میں کبھی نہیں سوچا تھاکہ زندگی میں اتنی کامیابی ملے گی تاہم طالب علمی کے زمانے میں 125 سی سی موٹر سائیکل بھی خواب لگتی تھی ، اکمل پرویز اپنی کامیابی میں اپنے والدین کو کریڈٹ دیتے ہیں کیونکہ ان کی دعا ئوں کے بغیر ان کے لیے کامیابی ناممکن تھی۔

اکمل پرویز کے مطابق ان کے والد نے ہمیشہ انھیں سود سے بچنے اور ایمانداری سے کام کرنے کا درس دیا جبکہ ان کی والدہ نے انھیں کبھی غلط راستے پر جانے نہیں دیا ، پھر ان کی اہلیہ نے بچوں کی بہترین پرورش کرکے انھیں کاروبار پر توجہ دینے میں مدد دی جبکہ چھوٹے بھائی نے پاکستان میں گھروالوں کا خیال رکھا لہٰذا وہ سمجھتے ہیں ان کی زندگی میں ان کے اہل خانہ کا اہم کردار رہا ہے۔

اکمل پرویز نے بتایاکہ کورونا کے دنوں میں انھوں نے اپنے تین سو ملازموں کو آٹھ ماہ تک گھر بٹھا کر تنخواہ ادا کی تاکہ ان کو کسی معاشی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور یہی وجہ تھی کہ کورونا میں جہاں سینکڑوں کمپنیاں بند ہوئیں وہیں ان کی کمپنی کے کاروبار میں اضافہ ہوا ۔

اکمل پرویز کے مطابق اگر مسلمان اپنی زکوۃ پوری ادا کریں اور صدقہ زیادہ سے زیادہ دیا کریں تو مسلمانوں کے بہت سارے مسائل با آسانی حل ہوسکتے ہیں ، اکمل پرویز سعودی حکومت کےبھی شکر گزار ہیں جس نے پاکستانیوں کے لیے بھی برابری کے مواقع فراہم کیے تاکہ وہ بھی ان کے ملک میں رہ کر ترقی کرسکیں ۔

Engineer Akmal Parvez
Comments (0)
Add Comment