متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا
وفاقی وزیر مملکت اوورسیز پاکستانیز اور انسانی وسائل سردار سلیم حیدر کی دبئی میں گفتگو
دبئی (طاہر منیر طاہر) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں CWC کمیونٹی ویلفیئر قونصلرز کی دو اسامیاں ایک عرصہ سے خالی پڑی ہیں جس کی وجہ سے یہاں مقیم پاکستانیوں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ان خالی اسامیوں کو پر کرنے اور ویلفیئر اسٹاف بھجوانے کے سلسلہ میں دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے وفاقی وزیر مملکت اوورسیز پاکستانیز اور انسانی وسائل سردار سلیم حیدرکی توجہ دلائی۔
انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ اسلام آباد واپس جاتے ہی قونصلیٹ میں CWC کمیونٹی ویلفیئر قونصلرز کی تعیناتی کے لیے جلد اقدامات اٹھائیں گے تا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کم ہو سکیں، ان خیالات کا اظہار سردار سلیم حیدرنے اپنے اعزاز میں دیے گئے ایک عشا ئیہ میں کیا جس کا اہتمام صدر پاکستان پیپلز پارٹی گلف/مڈل ایسٹ میاں منیر ہانس نے کیا تھا۔
عشائیہ تقریب میں نثار محمود خٹک ، سردار جاوید یعقوب ، ملک محمد اسلم ، سردار قیصر، حماد چوہدری، عرفان قمر گوندل ، محمد ظہیر عباسی، راشد محمد، ناصر رند بلوچ، ملک خرم سیدان، امین سرگانہ، قاری میاں منور، ممتازعلی جونیجو، محمد عبد الرزاق، مدثر ملک، حسیب منیر، شہاب گوندل اورمیڈیا ارکان نے شرکت کی۔
اس موقع تقریب میں شریک پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں نے وزیر موصوف کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دار پیش مسائل اور ان کے حل کے لئے تجا ویزبھی دیں۔
وفاقی وزیر مملکت اوورسیز پاکستانیز اور انسانی وسائل سردار سلیم حیدر نے کہا کہ بیرون ملک آنے سے قبل حصول روزگار کے لئے آنے والے لوگوں کو ٹریننگ دینے کا اہتمام بھی کیا جائے گا جس میں انہیں اس ملک کے قانون، رہن سہن کے طریقہ، وہاں کے کلچر، زبان اور مناسب لباس پہننے کے بارے بتایا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر موصوف سے کہا گیا کہ وہ اپنے ماتحت کام کرنے والے اداروں کے سربراہان کو یہاں لے کر آئیں تا کہ اوورسیز پاکستانی براہ راست ان سے مخاطب ہو سکیں۔