سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کو امارات میں مقیم پاکستانیوں کی مشکلات سے آ گاہ کیا گیا
دبئی قونصلیٹ کے نادرا آفس میں سائلین کو تمام سہولیات میسر نہیں ہیں، لوگوں کو پاکستان کا رخ کرنے کا کہا جاتا ہے،فرزانہ منصور
سفیر پاکستان کی طرف سے تمام سہولیات بہم پہنچانے کے لئے وفد کے ارکان سے وعدہ
دبئی (طاہر منیر طاہر) اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب OPC عجمان یونٹ کے وفد نے ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے میں سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی سے ملاقات کی۔
وفد کی قیادت اوورسیز پاکستانی کمیشن عجمان کے کوآرڈینیٹر رائے شیر علی کھرل نے کی، وفد میں فرزانہ منصور میڈیا ایڈوائزر، رائے گل شیر، کوآرڈینیٹر شارجہ، میاں عمران عاطف، ممبر ایڈوائزری قونصل عجمان اور ظفر اقبال گوندل، ممبر ایڈوائزری قونصل شارجہ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر پاکستانی سفارتخانہ سے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سمیع اللہ خان بھی موجود تھے۔ OPC کے وفد نے سفیر پاکستان کو پاکستانی کمیونٹی کے مسائل سے آگاہ کیا اور مسائل کے حل کے حوالے سے تجاویز دیں۔
میڈیا ایڈوائزر فرزانہ منصور نے کہا کہ دبئی قونصلیٹ میں نادرا کا آفس تو موجود ہے لیکن وہاں سا ری سروسز موجود نہیں ہیں اور نہ ہی FRC بنتا ہے، فرزانہ منصورنے بتایا کہ وہ اپنے شوہر کے انتقال کے بعد ان کا آئی ڈی کینسل کروانے کے لئے جب قونصلیٹ گئیں تو نادرا والوں نے کہا کہ آپ پاکستان جا کر نام کینسل کروائیں کیونکہ یہاں یہ سہولت میسر نہیں ہے، فرزانہ منصورنے سفیر پاکستان کو بتایا کہ انہیں آئی ڈی کینسل کروانے کے لئے اسلام آباد جانا پڑا جو ایک تکلیف دہ کام تھا، انہوں نے کہا کہ جب نادرا کا آفس یہاں موجود ہے تو ناموں کی منسوخی جیسے کا م اور FRC کا حصول بھی یہیں سے ممکن ہونا چاہیے تا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو یہ سہولت یہیں سے ملے اور انہیں پاکستان جا کر خجل خراب نہ ہونا پڑے۔
سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے نہ صرف تجاویز کو سراہا بلکہ اس سے اتفاق کیا اور اپنی ٹیم کو اس پر کام کرنے کی ہدایت کی۔ او پی سی پنجاب عجمان یونٹ نے سفیر پاکستان کو یقین دلایا کہ وہ کمیونٹی کے بہترین مفادات بالخصوص پنجاب، پاکستان میں ان کے مسائل کے لیے کام کریں گے۔ وفد نے ذمہ داریاں نبھانے کے لیے رہنمائی اور تعاون کے لیے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔