گروپ کے اعزاز میں سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں تقریب کا اہتمام کیا گیا
بائیکرز گروپ نے پاکستان،اردن،عراق اور ایران سے ہوتے ہوئے سعودی عرب کا رخ کیا
دبئی (طاہر منیر طاہر) ابوظہبی پاکستان میں کراس روٹ کلب سے تعلق رکھنے والے 25 پاکستانی بائیکرز کے ایک گروپ نے 20 جنوری 2023 کو ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانے کا دورہ کیا۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے سفارت خانے میں گروپ کا خیرمقدم کیا اور ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ اس گروپ نے 6 جنوری 2023 کو لاہور سے اپنی موٹر سائیکل سواری کا آغاز کیا تھا،یہ گروپ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جا رہا ہے۔
گروپ ایران سے یو اے ای پہنچا اور 14000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے پاکستان واپسی سے قبل سعودی عرب، اردن، عراق اور ایران کی طرف بڑھ رہا ہے۔
بائیکرز گروپ کے رہنما مکرم ترین نے کہا کہ برادر اسلامی ممالک سے گزرنے سے پاکستان کا ایک مثبت امیج، اس کے امیر ثقافتی ورثے، قدیم قدرتی حسن اور پاکستانی عوام کی گرمجوشی سے مہمان نوازی کو فروغ ملے گا۔
سفیرفیصل نیاز ترمذی نے اپنے ریمارکس میں مختلف علاقائی ممالک میں پاکستان کے فروغ کے لیے بائیکرز کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ پاکستان آنے اور جانے کے لیے اس طرح کے ٹورز کا زیادہ اہتمام کیا جانا چاہیے۔
تقریب کا اختتام سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں مکرم ترین کی طرف سے شجر کاری کی تقریب سے ہوا۔