موروثی سیاست دانوں نے پاکستان کو اپنے لالچ کی خاطر ہمیشہ نقصان ہی پہنچایا
جب تک پاکستان سے چند خاندانوں کی اجارہ داری اور اقرباء پروری ختم نہیں ہو گی ملک کے حالات بدل نہیں سکتے
عمران خان ملک کو بہتری کی طرف لے جا رہے تھے لیکن انہیں کام کرنے کا موقع نہیں دیا گیا
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان کے سیاسی سائنس دا نوں نے پاکستان کو "تجربستان” بنا دیا ہے،جب سے پاکستان معرض وجود میں آیا ہے موروثی سیاست دا نوں نے پاکستان کو اپنے مفاد اور لالچ کی خاطر ہمیشہ نقصان ہی پہنچایا ہے، چند خاندانوں کی اجا رہ داری اوراقرباء پروری کی وجہ سے ملک تنزلی کا شکارہی ہوا۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف دبئی کے سابق صدر میاں اویس انجم نے دبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں پی ٹی آئی، یو اے ای کے سابق عہدیداروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، حال ہی میں پی ٹی آئی کے عہدے داروں کی ایک سالہ میعاد پوری ہوئی ہے۔
ان کے اعزاز میں منعقدہ متذکرہ تقریب میں سید آصف زمان، محمد نواز خان جدون، چودھری جاوید اقبال، سعدیہ طارق،ناصر منور خان، علی راؤ، افتخارعلی، سید سلیم اختر، زوہیب خان، ظفر ملک، ظہیر گجر، مستجاب احمد، مکرم حیات، محمد سفیان، عدنان لطیف، عرفان واہلہ، ڈاکٹر عدنان رانا، مجیب شاہد، مہرہ نسیم، خالد اعوان، عزیز خٹک، آصف جباراور عتیق الرحمن نے شرکت کی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں سید آصف زمان، محمد نواز جدون، میاں اویس انجم اور دیگر پارٹی ورکرز نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی غلط پالیسیوں اور ناقص حکمت عملیوں کی وجہ سے بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔
مہنگائی، بےروزگاری، بجلی کی لوڈ شیدڈنگ اور سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان کے عوام موجودہ حکومت سے مایوس ہو چکے ہیں اور پی ڈی ایم حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں، متذکرہ رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں ملک ہر شعبہ میں ترقی کر رہا تھا لیکن پی ٹی آئی کی حکومت کو پانچ سال پورے نہیں کرنے دیے گئے، جس سے ترقی کا پہیہ رک گیا اور آج ملک تنزلی کا شکار ہے۔
مہنگائی نے عوام کا کچومر نکا ل دیا ہے، بزنس اور انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں، بندر گاہ پر ما ل تباہ ہو رہا ہے اور ایل سی پر پابندیاں لگا دی گئی ہیں، حکومت ڈالر اور روپے کا توازن برقرا نہیں رکھ سکی جس سے مہنگائی بڑھ رہی ہے اور عوام الناس براہ راست متاثر ہو رہے ہیں، لوگوں کو لائف سیونگ ادویات نہیں مل رہیں، حکمران عوام کا خیال رکھنے کی بجائے اپنے اقتدار کی کرسی بچانے اور اپنے مقدمات ختم کرانے کے چکر میں ہیں۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکا لنے کا واحد حل انتخابات ہیں، اگر انتخابات جلد کروا دیے جائیں تو ملکی حالت بہتری کی طرف جا سکتی ہے،پی تی آئی کے رہنماؤں سید آصف زمان، محمد نواز جدون، میاں اویس انجم نے کہا کہ ہمارے لیڈر عمران خان آج بھی عوام الناس کے مقبول ترین لیڈر ہیں، اگر انتخابات وقت مقررہ پر ہو جاتے ہیں تو پاکستان تحریک انصاف ایک بار پھر ووٹوں کی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔