تھرک کونسل کے کیبنٹ ممبر فار کلچر و کمیونٹیز کونسلر قیصر عباس گوندل کو ہومینٹی ایوارڈ سے نوازا گیا

لندن(نمائندہ خصوصی)تھرک کونسل کے کیبنٹ ممبر فار کلچر و کمیونٹیز کونسلر قیصر عباس گوندل کو ان کی سیاسی، سماجی اور رفاعی خدمات کے اعتراف میں ہومینٹی ایوارڈ دیا گیا۔

ایوارڈ کی تقریب برٹش نائیجیرین مسلم آرگنائزیشن نیزفیٹ یوکے و آئرلینڈ کی جانب سے لندن کے نواحی علاقے گریز میں منعقد کی گئی جس میں معروف سماجی و مذہبی شخصیات سمیت تین سو سے زائد لوگوں نے شرکت کی۔

ایوارڈ دیتے ہوئے بورڈ آف ٹرسٹیز چیئرمین الحاج موسیلیو اودوسانیا اور سیکرٹری الحاجہ ادیلو امینو کا کہنا تھا کہ کونسلر قیصر عباس کی خدمات خصوصا مسلمانوں کے لیے علیحدہ قبرستان، بین المذاہب کانفرنس کا انعقاد، مسلمان بچوں کی عمرہ ادائیگی کے دوران مختلف سیمینارز اور پروگرامات کا سعودی عرب میں اہتمام اور دیگر سیاسی و سماجی خدمات کے اعتراف میں ہم یہ ایوارڈ ان کو پیش کر رہے ہیں۔ ان کی خدمات اور شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے اور آج ہمیں انکو یہ ایوارڈ دیتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے۔

کونسلر قیصر عباس گوندل نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نیزفیٹ کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مجھے ایک شاندار تقریب میں ہومینٹی ایوارڈ سے نوازا ہے۔ اتنی بڑی آرگنائزیشن سے اتنا بڑا ایوارڈ ملنا بہت اعزاز کی بات ہے۔ میری ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ مختلف مذاہب اور کمیونٹیز کی بلا تفریق خدمت کروں اور خدمت کا یہ سلسلہ انشاءاللہ جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ کونسلر قیصر عباس گوندل ان چند سیاستدانوں میں سے ایک ہیں جن کو ان کے کاموں کی وجہ سے مختلف سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے درجنوں ایوارڈز مل چکے ہیں۔

ہومینٹی ایوارڈ
Comments (0)
Add Comment