اسٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) پاکستان پریس کلب یو کے کے سابقہ صدر مبین چوہدری کی اچانک رحلت سے دنیا بھر میں مقیم پاکستانی صحافتی برادری میں افسردگی پائی جاتی ہے۔
کہیں کسی صحافی کا کہنا ہے کہ وہ ایک اچھے استاد سے محروم ہوئے تو کہیں کسی کا خود سےیہ شکوہ ہے کہ ان کی آخری فون کال پر جواب نہیں دے پائے۔
سویڈن میں مقیم صحافیوں جنید نواز چوہدری، محمد سرور،حیدر شاہ بخاری، عارف محمود کسانہ، منیر حسین، عاصم فیض، شازیہ اسماعیل، حمیراتنویر،زبیر حسین، انصر بسرا، ارشد ملتانی، ملک شہزادسمیت دیگر نے نمائندہ خصوصی سے بات کرتے ہوئے اپنا تعزیتی پیغام ریکارڈ کروایا۔
پاکستان پریس کلب اسکینڈے نیویاکے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک محب وطن، بہترین دوست اور رہنمائی کرنے والی شخصیت کا یوں دنیا کو خیر باد کہنا اوورسیزپاکستانی صحافت میں ایک ایسا خلا پیدا کرگیا جسے پر کرنا آسان نہیں ہوگا۔
پاکستان یونین آف جنرلسٹ اسکینڈے نیویا کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ مبین چوہدری کی وفات نے اوورسیز پاکستانی صحافت کے ایک ایسے باب کو بند کردیا جہاں سے نئی آنے والی نسلوں کے لئے رہنمائی اور صحافتی کاوشوں کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش ہوتی تھی۔