کوالالمپور(محمد وقار خان) ملائشیا کے میڈیا اراکین کی طرف سے شہدائے پشاور اور یوکے پریس کلب کے صدر مبین چوہدری کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی،اس موقع پر صدر پاکستان پریس کلب عرفان لطیف سیفی کا کہنا تھا کہ ہمارے دل پردیس میں رہ کر بھی اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں پاکستانی صحافیوں نے شہدائے پشاور کی فاتحہ خوانی اور اظہار افسوس کے لیے ایک محفل سجائی ،میڈیا ٹیم نے فاتحہ خوانی کے بعد سانحہ پہ شدید غم اور دکھ کا اظہار کیا ، اور ملک میں سکیورٹی اداروں تک پیغام پہنچایا کہ اتنا بڑا جانی ضیاع کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔
اراکین نے مزید کہا کہ سکیورٹی اداروں کو چاہیے کہ مجرموں کا تعاقب کیا جائے اور انکو کیفرکردار تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ ملک دشمن عناصر اس طرح کی غیر انسانی سرگرمیوں کی جرات نہ کرسکیں ۔
مجلس کے اختتام پر تمام شہداء کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے خیر کے ساتھ ساتھ یوکے پریس کلب کے صدر مبین چوہدری کی ناگہانی وفات پر دلی رنج کا اظہار کیا گیا اور انکے بلند درجات کے لیے دعا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
دعائیہ مجلس میں صدر پاکستان پریس کلب عرفان لطیف سیفی ،سینئرجرنلسٹ جاوید الرحمن،سینئروائس پریزیڈنٹ سید خرم عباس شیرازی،سیکرٹری انفارمیشن ملک واجد علی،وائس پریزیڈنٹ فاروق ڈوگر، جنرل سیکرٹری محمد وقار خان اور داتو جمیل ضیاءالرحمان نے شرکت کی،جبکہ سینئرجرنلسٹ اویس تاج چوہدری اور شاہزیب شاہ جی نے ٹیلفون پہ فاتحہ خوانی میں شرکت کی ۔