عالمی کشمیر آگاہی فورم کے زیر اہتمام تقریب،چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کی بطور مہمان خصوصی شرکت

ورجینیا(شیخ آفتاب)عالمی کشمیر آگاہی فورم کے زیر اہتمام کشمیر پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کشمیر کمیٹی کے چیئر مین شہریار آفریدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان ، ڈاکٹر غلام نبی میر ، ڈاکٹر غلام نبی فائی ، ڈاکٹر امتیاز خان، صدر ایونٹ کوآرڈینیٹرز جانی بشیر ، ظریف خان ، شعیب ارشاد خان ، اکرم بٹ ، معظم آفتاب ساہی ، عمر جان ، سدرہ اور حامد ملک کے علاوہ کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی شہریار آفریدی نے کہا کہ اقوام متحدہ قراداد کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا چاہئے، اگست 2019 میں بھارتی حکومت نے 35 اے اور 370 دفعات ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کے متنازعہ حیثیت کو ختم کرنے کی کوشش کی،چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا کہ جموں کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی نہتے کشمیریوں کے ساتھ زیادتی ہے، کشمیریوں کے ساتھ جانوروں سے بھی بدتر سلوک کیا جا رہا ہے۔

کوویڈ سے متاثرہ چار ہزار کشمیریوں کیلئے وہاں ایک ڈاکٹر ہے جبکہ ہر 9کشمیریوں پر بھارتی حکومت نے ایک فوجی مسلط کر رکھا ہے، ہم بھارت کے انسانیت سوز مظالم پر چپ نہیں رہیں گے، کشمیر کمیٹی عالمی سطح پر متحرک ہو چکی ہے، ہم دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھائیں گے،معاشی فوائد یا تعلق کو انسانیت پر فوقیت نہیں دی جا سکتی۔ عمران خان نے سیکیورٹی کونسل اور ہیومین رائٹس کمیشن میں مودی حکومت کی اس حرکت پر آواز اٹھائی۔

عمران خان کی ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھانے سے اقوام عالم جاگ گئے، اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر میں عالمی میڈیا کو حالات دیکھنے کیلئے جانے کی اجازت دی، عالمی میڈیا نے ہندوستان کے جھوٹ کو بےنقاب کیا ۔

وزیراعظم عمران خان کے ترجیحات میں مسئلہ کشمیر پہلے نمبر پر ہے، دیگر ممالک میں متنازعہ فیصلے حل ہوئے کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہونا اقوام متحدہ کیلئے سوالیہ نشان ہے، اب دنیا کا ہندوستان پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دباؤ ہے، بہت جلد ہندوستان اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگا، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی مرضی سے حل ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment