کشمیری عوام کی سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے،سفیر پاکستان ملک محمد فاروق
کویت (محمد عرفان شفیق)5 فروری کو دنیا بھر میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا گیا، اس ضمن میں سفارت خانہ پاکستان ،کویت میں بھی ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں خواتین سمیت کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی کمپیئر نگ کے فرائض سفارت خانہ پاکستان کی تھرڈ سیکرٹری تحریم الیاس نے انجام دے کر پروگرام کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور یوم یکجہتی کشمیر اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے حوالہ سے بریفنگ دی، جس کے بعد پروگرام کے باقاعدہ آغاز کیلئے حافظ عامر کو مائیک پر آنے کی دعوت دی، انہوں نے خوب صورت انداز سے قرآن کریم کی تلاوت کی، پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے پیش کئے گئے جن کے احترام میں تمام شرکاء خاموش اور باادب کھڑے ہو گئے۔
کشمیری عوام کی جدوجہد کے حوالہ سے ایک دستاویزی فلم بھی پروجیکٹر سکرین پر پیش کی گئی، جس میں 5 اگست 2019 کے بعد انڈیا میں آرٹیکل 370 اور 33 اے کے خاتمے کے بعد کشمیریوں کے ساتھ کئے جانے والے ظلم و ستم کے اعدادوشمار پیش کئے گئے۔
مقررین میں طارق سلطان، پیر امجد، محمد عرفان ناگرہ، جاوید اقبال، کرنل(ر) انجم مسعود، انعام مورگانائٹ، ڈاکٹر شجاع الدین اور نگہت طارق نے مختصر خطاب میں کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تفصیل بیان کیں۔
سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔
انہوں نے خطاب میں کہا کہ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے، ان کی سفارتی و اخلاقی حمایت کرتے رہیں گے، انہوں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔