تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی
ہم کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، سفیر پاکستان
تنازعہ کشمیراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے
دبئی (طاہر منیر طاہر) سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے لیے اپنی منصفانہ جدوجہد میں ہیں۔ کشمیریوں کی اس جدو جہد میں پاکستان ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
کشمیری 7 دہائیوں سے بھی زیادہ پیچھے چلے گئے ہیں کیونکہ انہوں نے مسلسل جبر کا سامنا کیا ہے۔ بھارت کی طرف سےکشمیریوں کے بنیادی حقوق سے انکارکشمیریوں سے سرا سر زیادتی اور نا انصافی ہے جس کا ازالہ کیا جانا ضروری ہے۔
کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد حالات مزید خراب ہوئے ہیں،بھارت کے یکطرفہ اقدامات صریحاً امن کے خلاف اور بین الاقوامی قانون کے خلاف ہیں۔
فیصل نیاز ترمذی نے مسئلہ کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کی تصدیق کی اور پاکستان کی حکومت اور عوام کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
ہم کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے اور جموں و کشمیر تنازعہ کے پرامن حل کے لیے عالمی برادری کی توجہ دلاتے رہیں گے۔
تقریب کے دوران ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی عکاسی کی گئی تھی، کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے کئے جانے والے ظلم و تشدد کے بارے تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر کشمیریوں کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔