تقریب میں اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی میں پاکستانی مندوب سمیت آزاد کشمیر کے شہریوں کی شرکت
جدہ (امیر محمد خان سے) جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب میں قونصل جنرل خالد مجید کے علاوہ آسٹریا میں پاکستانی سفیر آفتاب کھوکھر سمیت اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی میں پاکستان کے مندوب سید فواد شیر بھی شریک تھے۔
اس موقعہ پر مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر سمیت ہندوستان بھر میں مسلمانوں کے خلاف پرتشدد کاروائیوں میں مصروف ہے مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ان کا ہر فورم پر ساتھ دیتے رہیں گے۔
مہمان خصوصی آسٹریا میں پاکستان کے سفیر آفتاب کھوکھر اور قونصل جنرل جدہ خالد مجید کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری شہریوں کو بھی چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر عوامی سطح پر اجاگر کرے۔
اسلامی تعاون تنظیم میں پاکستان کے مندوب سید فواد شیر کا کہنا تھا کہ او آئی سی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے۔