کراچی(تارکین وطن نیوز)پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ اور سِکس سِگما پلس کے اشتراک سے خواتین کے حقوق کے موضوع پر بننے والا نیا ڈرامہ سیریل ’صنفِ آہن‘ ایک بین الاقوامی پراجیکٹ بن گیا ہے۔
ڈرامہ سیریل ’صنفِ آہن‘ کی کاسٹ میں ایک بین الاقوامی چہرے کو بھی شامل کرلیا گیا ہے، یہ اضافہ سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کا ہے۔سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا اس ڈرامے میں ایسی سری لنکن کیڈیٹ کا کردار ادا کریں گی جو کہ دوسری خواتین کیڈیٹ کے ہمراہ ٹریننگ کے لیے پاکستان آتی ہے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ دوسرے ممالک کے فوجی افسران کا پاکستان آنا اور پاک فوج کے ساتھ تربیت لینا کوئی نئی بات نہیں ہے البتہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈرامہ سیریل ’صنفِ آہن‘ کی کہانی میں حقیقت کو شامل کیا گیا ہے۔
ڈرامے کی پروڈیوسرز ثمینہ ہمایوں سعید اور ثناء شاہنواز نے یحالی کو ڈرامے کی کاسٹ میں شامل کیے جانے کی خبر کی تصدیق بھی کی ہے۔بین الاقوامی فنکاروں کی شمولیت نے یقینی طور پر اس پراجیکٹ سے جُڑی مداحوں کی توقعات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
یہی نہیں سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کے انسٹا اکاؤنٹ پر ان کی کچھ تصاویر دیکھ کی ایسا لگتا ہے کہ ان کو بھی پاکستان اور یہاں کے لوگ بہت پسند آئے ہیں۔
خیال رہے کہ ’صنفِ آہن‘ کی کہانی ڈرامہ و ناول نگار عمیرہ احمد نے لکھی ہے جبکہ ڈرامے کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں۔