ملک منیراعوان جو کام کررہے ہیں وہ بہت بڑا ہے،جاوید شیخ
دبئی(طاہر منیر طاہر) یواے ای کی کاروباری شخصیت ملک منیر اعوان نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کے چاروں صوبوں سے فنکاروں اور گلوکاروں کو متحدہ عرب امارات بلائیں گے اور یہاں ان کے درمیان میچ کرائیں گے اور اس سے حاصل کردہ رقم فلاحی کاموں پر خرچ کی جائےگی ۔
اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس بارتو ہم شوبز کی ٹیم سے ہارگئے لیکن آگے ضرور جیتیں گے، ایک سوال کے جواب میں ملک منیر اعوان نے کہا کہ میڈیا اور فنکار دو ایسے شعبے ہیں جن کی کسی سے وابستگی نہیں ہے اس لئے انہیں پروموٹ کرنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستانیوں کا سافٹ امیج برقرار رہے۔
ترکیہ اور شام میں زلزلے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے امدادی کاموں کی کوششیں کی گئی ہیں اور 8 مارچ کو گرینڈ اوورسیز کلب کی جانب سے عطیات کی ایک مہم شروع کی جارہی ہے جس کا آغاز برطانیہ سے ہوگا ۔
اس موقع پر پاکستانی فنکار جاوید شیخ نے ملک منیر اعوان کی کوششوں کو سراہا ،انہوں نے کہا کہ وہ میچ ہار کر بھی جیتے ہیں کیونکہ وہ جو کام کررہے ہیں وہ بہت بڑا ہے۔
انہوں نے تجویز کیا کہ میچز کا انعقاد باقاعدگی سے کرایا اور اس کے لئے اسپانسر حاصل کرکے رقم کو فلاحی کاموں پر خرچ کی جائے جیساکہ ترکیہ اور شام میں زلزلہ آیا اور وہاں امداد کی اشد ضرورت ہے۔
تقریب میں یاسر صدیق ،سجاد عباسی،محمدندیم کے علاوہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، تقریب کے آخر میں ترکیہ اور شام میں جاں بحق ہونے کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔