کھلے میدان میں پاکستانی صحافیوں کی "کڑاہی فیسٹیول” میں شرکت
فیسٹیول کا مقصد آپس میں گپ شپ اورباہمی تعلقات کو فروغ دینا ہے
آزادانہ ماحول میں سیلف کوکنگ کا اپنا ہی مزہ ہے،سبط عارف
دبئی (طاہر منیر طاہر) امارات میں پاکستانی صحافیوں کی تنظیم پی جے ایف ہر سال موسم بہار کی آمد پر شہر سے دور کھلے میدان میں "کڑاہی فیسٹیول” کا انعقاد کرتی ہے جس کی روایت سینئر صحافی سبط عارف نے ڈالی جو کئی سالوں بعد آج بھی باقاعدگی سے جاری ہے، چونکہ اس فیسٹیول کی بنیاد سبط عارف نے رکھی لہٰذا بلا شرکت غیرے وہی اس کا اہتمام بھی کرتے ہیں،جبکہ کوکنگ کے سلسلہ میں تمام لوگ ان کی مدد کرتے ہیں۔
سبط عارف ایک منجھے ہو ئے صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین اور لذیذ کھانا پکانے میں بھی ماہر ہیں،اسی لئے آوٹ ڈور کوکنگ کی ذمہ داری بھی انہی کی ہے جسے سب انجوائے کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ صرف دوستوں کے لئے ہی سال میں ایک بار یہ کوکنگ کرتے ہیں۔
گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی شہر کی گنجان آبادی سے دور ایک تفریحی پارک میں "کڑاہی فیسٹیول” کا انعقاد کیا گیا جس میں سبط عارف، راجہ محمد عرفان، راجہ محمد اسد، خالد محمود گوندل، سہیل خاور، طاہر منیر طاہر، احمد قریشی، اعجاز گوندل، سجاد اکبر خان، حسن عمران اور شعبہ صحافت سے تعلق رکھنے والے دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔
اشفاق احمد، ارشد انجم، حافظ زاہد علی اپنی ذاتی مصروفیت اورسعدیہ عباسی پاکستان ہونے کی وجہ سے فیسٹیول میں شرکت نہ کر سکیں۔
"کڑاہی فیسٹیول” میں انتہائی لذیذ مٹن اور چکن کی کڑاہی تیار کی گئی تھی جسے سب نے رغبت کے ساتھ کھایا اور سبط عارف کی کوکنگ کی تعریف کی۔
س موقع پر "کوئلہ چائے” بھی بنائی گئی جسے اوپن ائر کے ٹھنڈے ماحول میں پی کر سب محظوظ ہوئے،کوکنگ اور کھانے کے دوران مختلف النوع موضوعات پر بات چیت چلتی رہی۔
رات دیر گئے اس وعدے کے ساتھ سب کی واپسی ہوئی کہ انشاء اللہ اگلے سال پھر ایسا ہی "کڑاہی فیسٹیول” سجے گا، تمام شرکائے محفل نے بیسٹ ہوسٹنگ پر سبط عارف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔