سفارت خانہ پاکستان ابو ظہبی میں انٹرنیشنل وومن ڈے کی تقریب کا انعقاد

ابوظہبی میں رہائش پذیر زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خواتین نے تقریب میں شرکت کی

تعلیمی ماہر نفسیات ڈاکٹر اسماء ناہید نے پاکستانی خواتین کے لیے تعلیم کی ضرورت پر زور دیا

بچوں کی بہتر اور جدید پرورش کے لیے تعلیم یافتہ مائیں اپنا کردارادا کر سکتی ہیں، ہانیہ رئیس ترمذی

دبئی (طاہر منیر طاہر) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے نے انٹرنیشنل وومن ڈے کے موقع پر پاکستانی خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت اور خواندگی کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ یہ خواتین کو بااختیار بنانے میں ہونے والی پیش رفت کا جشن منانے اور خواتین کے حقوق کے احترام کو مزید آگے بڑھانے کے لیے کوششوں کو دوگنا کرنے کے لیے ہمارے اجتماعی عزم کی توثیق کرنے کا موقع ہے۔ ابوظہبی میں رہائش پذیر زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خواتین نے اس تقریب میں شرکت کی۔

ڈاکٹر اسماء ناہید، ایک مشہور تعلیمی ماہر نفسیات اور پاکستان اور یو اے ای میں ذہنی صحت کی تنظیم ہوپ اینڈ لائٹ کی بانی، اس تقریب میں کلیدی مقرر تھیں۔ ناہید نے حالیہ دور میں ہونے والی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستانی خواتین کے لیے تعلیم کی ضرورت پر زور دیا، جس میں ٹیکنالوجی کی ترقی اہم تبدیلیوں میں سے ایک ہے۔

اس موقع پر خواتین کے لیے تعلیم کے مواقع بڑھانے کی ضرورت پر بھی بات ہوئی۔ شرکاء نے پاکستانی خواتین کے لیے ڈیجیٹل شمولیت اور تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سفیر پاکستان کی شریک حیات محترمہ ہانیہ رئیس ترمذی نے کہا کہ اس ترقی یافتہ دور میں خواتین کے لیے ڈیجیٹل شمولیت، خواندگی اور تعلیم کے مواقع ایک ناگزیر عنصر بن چکے ہیں۔ بچوں کی بہتر اور جدید پرورش کے لیے تعلیم یافتہ مائیں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں اور ایک وسیع تر امکانات پر ایک خواندہ قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہیں۔

انٹرنیشنل وومن ڈےسفارت خانہ پاکستان ابو ظہبی
Comments (0)
Add Comment