وہ قوم و ملک کی خدمت کے لئے جلد از جلد پاکستان آنا چاہتے ہیں
انتخابات سے قبل وہ بہر صورت پاکستان آ کر سیاست میں اپنا عملی کردار ادا کریں گے
پی ایم ایل این وومن ونگ کی صدر فرزانہ کوثر کی طرف سے دیے گئے عشا ئیہ میں پی ایم ایل این کینیڈا کے جنرل سیکرٹری کامران ملک کی گفتگو
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف ملک و قوم کی خدمت کے لئے انتخابات سے قبل ہر صورت پاکستان آئیں گے اور پاکستان کی سیاست میں اپنا عملی کردار ادا کریں گے، ان خیالات کا اظہارپی ایم ایل این کینیڈا کے جنرل سیکرٹری کامران ملک نے پی ایم ایل این وومن ونگ امارات کی صدر فرزانہ کوثر کی طرف سے دیے گئے عشا ئیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
کامران ملک نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ان کی ملاقات لندن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف سے ہوئی ہے،پاکستان اور عوام الناس کی خدمت کے لئے ان کا عزم بلند اور حوصلہ آج بھی جوان ہے، عشا ئیہ میں پاکستان مسلم لیگ ن دبئی کے سینئر نائب صدر میاں غلام محی الدین اور شیخ شعور قدوس بھی موجود تھے۔
اس موقع پر باہمی گفتگو کے دوران لیگی لیڈران نے کہا کہ پاکستان میں ن لیگ کا ووٹ بینک آج بھی موجود ہے لیکن اسے مستحکم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔پاکستان میں موجود پی ایم ایل این کے لیڈران اور منتخب عوامی نمائندگان کو چاہیے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر گراؤنڈ ورک شروع کریں، اپنے سیاسی ورکروں اور کارکنوں سے گھر گھر اور گلی، محلے جا کر بذات خود رابطہ کریں، ورکروں کے گلے شکوے دور کریں اس طرح پی ایم ایل این کا نا صرف ووٹ بینک مستحکم ہو گا بلکہ بڑھے گا بھی۔
پی ایم ایل این وومن ونگ امارات کی صدر فرزانہ کوثر نے کہا کہ اس سلسلہ میں پی ایم ایل این کی اوورسیز تنظیمیں بھی کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں، بیرون ملک قائم پی ایم ایل این کی تمام تنظیموں کو چاہیے کہ وہ پی ایم ایل این کے اوورسیز یونٹس کو مضبوط کریں اور انہیں فعال بنائیں۔بیرون ملک مقیم لیگی کارکن یہاں سے پاکستان میں مسلم لیگ کا ووٹ بینک بڑھا سکتے ہیں، اندروں یا بیرون ملک مقیم ہر لیگی کارکن کو چاہیے کہ وہ ن لیگ کو مضبوط کرنے کے لئے اپنے حصہ کا فرض ادا کرے۔
متذکرہ لیڈران نے کہا کہ پی ایم ایل این کے قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک پہلے بھی ترقی کی منازل طے کی ہیں اب بھی محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی طرف گامزن ہو گا۔