پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب کا اہتمام

پروگرام کے آغاز پر پاکستان اور امارات کے قومی ترانے بجائے گئے

پاکستان ہمارے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے،ہمیں اس خوبصورت ملک کی عزت اور قدر کرنی چاہیے

زندہ قومیں اپنا قومی دن جوش و خروش سے مناتی ہیں،فواد علی خان

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان سوشل سنٹر شارجہ نے سالانہ یوم پاکستان کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی وائس قونصلر پاکستان قونصلیٹ دبئی فواد علی خان تھے،سوشل سینٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چوہدری، ڈائریکٹرز شارجہ سینٹر عمران رفیق اور فراز احمد صدیقی نے مہمانوں کا استقبال پھولوں سے کیا۔

اس پروگرام کا آغاز محمد اکرم شہزاد نے تلاوت کلام پاک سے کیا، سٹیج سیکرٹری کے فرائض صائمہ نقوی نے سرانجام دیئے۔ پروگرام کے آغاز پر پاکستان اور امارات کے قومی ترانے بجائے گئے۔ فراز احمد صدیقی نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں یوم پاکستان کے حوالے سے تفصیل سے تقریرکی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی فواد علی خان وائس قونصلر نے کہا کہ زندہ قومیں اپنا قومی دن جوش و خروش سے مناتی ہیں۔ پاکستان ہمارے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے، ہمیں اس خوبصورت ملک کی عزت اور قدر کرنی چاہیے۔ یہ کامیابی اور خوشحالی ہمارے بانی قائداعظم محمد علی جناحؒ علامہ اقبال کا خواب تھا جسے ہم نے ہر قیمت پر پورا کرنا ہے۔

پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر چوہدری خالد حسین نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کہا کہ ہمارے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں پاکستان سوشل سینٹر شارجہ پاکستان کے قومی دن اور دیگر مواقع پر ایسی تقاریب کا اہتمام کرتا رہتا ہے تاکہ یواے ای میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کو آپس میں جوڑسکے ۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا. اس موقع پر اسکول کے بچوں سیدہ علیزہ، رامین زبیر، طلحہ، خضرہ فاطمہ اور دیگر طلباء نے تقاریر، قومی نغمے اور ٹیبلوز پیش کئے۔ حاضرین نے تمام طلباء کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر پوزیشن ہولڈر طلباء کو شیلڈز سے نوازا گیا۔اساتذہ کو بھی اسناد سے نوازا گیا۔ اس موقع پر یوم پاکستان کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔پروگرام میں چوہدری عارف، عرفان افسر اعوان، عاشق سواتی، ڈاکٹر محبوب، ڈاکٹر محمد اکرم، ملک یونس اور دیگر نے شرکت کی۔

پروگرام کے آخر میں سوشل سنٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چوہدری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان سوشل سنٹر شارجہیوم پاکستان
Comments (0)
Add Comment