جاپان میں اردو پڑھنے اور پڑھانے والے ہمارے سفیر ہیں،پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران

ٹوکیو(عرفان صدیقی)ادارہ زبان و ادبیات اردو ،پنجاب یونیورسٹی اورئینٹل کالج لاہور کی طرف سے جاپان میں اردو کے اساتذہ کی خدمات کے اعتراف کے طور پر اوساکا یونیورسٹی جاپان میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔

ادارہ زبان و ادبیات اردو کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ جاپان میں اردو پڑھنے اور پڑھانے والے ہمارے سفیر ہیں اور پوری پاکستانی قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

اوساکا یونیورسٹی میں اردو کے پروفیسر اور ڈویژن آف فارن اسٹڈیز کے ڈین ڈاکٹر سویامانے نے اورئنٹل کالج کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں پنجاب یونیورسٹی سے علمی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔

تقریب کے اختتام پر ادارہ زبان و ادبیات اردو پنجاب یونیورسٹی کی طرف سے پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے جاپان میں اردو کے فروغ کے لیے کام کرنے پر پروفیسر ڈاکٹر سو یامانے اور پروفیسر میاموتو تاکاشی کو خصوصی میڈل پیش کیے۔

ڈاکٹر کیتادا اور ڈاکٹر مرغوب حسین طاہر اس وقت جاپان سے باہر تھے،اس لیے انہیں بعد ازاں خصوصی میڈل پیش کیے جائیں گے۔

دریں اثنا ادارہ زبان و ادبیات اردو پنجاب یونیورسٹی اورئینٹل کالج لاہور کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے شعبہ اردو اور ڈویژن آف فارن اسٹڈیز اوساکا یونیورسٹی جاپان کے زیر اہتمام "پاک جاپان علمی و ادبی روابط میں اردو کا کردار” کے موضوع پر اپنے خصوصی لیکچر میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زبانیں محبت اور رواداری کی پیامبر ہوتی ہیں۔

زبانیں مختلف تہذیبوں کے مابین روابط کو فروغ دے کرقربتیں بڑھاتی ہیں،اس لیے اردو اور جاپانی ادب کے باہمی تراجم کا فروغ اہم عصری تقاضا ہے۔

اوساکا یونیورسٹی میں اردو کے پروفیسر اور ڈویژن آف فارن اسٹڈیز کے ڈین ڈاکٹر سو یامانے نے کہا کہ جاپان میں اردو کی تدریس ایک صدی سے زائد عرصے پر پھیلی ہو ئی ہے اور جاپانیوں نے اردو کے ایک قابل قدر ذخیرے کو جاپانی زبان میں منتقل کیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہےکہ علمی تعاون کی اس روایت کو نئی نسل تک پہنچایا جائے۔

osaka univercityپروفیسر ڈاکٹر محمد کامران
Comments (0)
Add Comment