کوالالمپور(محمد وقار خان)پاکستان ملائیشیا دوطرفہ سیاسی مشاورت (بی پی سی) کا دوسرا دور 28 مارچ 2023 بروز منگل کوالالمپور ، ملائیشیا میں ہوا۔ مذاکرات کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (برائے ایشیا و پیسفک) محترمہ ممتاز زہرہ بلوچ اور داتو نارمن بن محمد ( ڈپٹی سیکرٹری جنرل برائے دو طرفہ امور ) نے کی ۔
ملائشیا میں پاکستانی صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے محترمہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ نشست میں پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور دوطرفہ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید کی ۔ میٹنگ میں طے پایا کہ پاکستان اور ملائیشیا ہر سطح پر روابط اور بات چیت کو فروغ دیں گے ، دونوں ممالک کے موجودہ دوطرفہ میکانزم کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ کاروبار کے نئے شعبے قائم کریں گے۔
دونوں ممالک کے مندوبین نے، باہمی تجارت ، سرمایہ کاری ، دفاع و سلامتی، زراعت و غذائی تحفظ ، توانائی، صحت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون میں اضافہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ اور طے پایا کہ ملائیشیا میں پاکستانی افرادی قوت کو بڑھائے جانے سمیت دونوں ممالک ایک دوسرے کے پارلیمانی ممبران کی میٹنگز کا بندوبست کریں اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفیض ہوں ۔
علاقائی امن و سلامتی، اسلامو فوبیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر دونوں ممالک کے یکساں موقف کی توثیق کی گئی ۔ دونوں فریقوں نے کثیرالجہتی پلیٹ فارمز بشمول او آئی سی اور اقوام متحدہ میں ہر سطح پہ باہمی تعاون کے عزم کا اظہار کیا ۔
ایڈیشنل سیکرٹری محترمہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ پاکستان ، آسیان کے ساتھ تعلقات میں اضافہ کا خواہش مند ہے ، یہ پلیٹ فارم، علاقہ کے دوست ممالک کے ساتھ کاروباری معاملات کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا ۔
پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ملائیشیا کی فراخدلی اور انسانی امداد کے ساتھ ساتھ ہر سطح پہ دوستانہ تعاون پر شکریہ ادا کیا ۔
ملائشیا میں پاکستانی صحافیوں کو بریفنگ کا اہتمام پاکستان ہائی کمیشن کے کانفرنس ہال میں کیا گیا جس میں ملائشیا کے تمام متحرک صحافیوں سمیت پاکستانی ہائی کمشنر فار ملائشیا محترمہ آمنہ بلوچ ، فرسٹ سیکرٹری محمد عادل ، ڈیفنس کونسلر ناصر محمود ، ویزہ کونسلر یاسر کیانی ، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر حسیب شہباز، تھرڈ سیکرٹری امیر حسان نے شرکت کی ۔