مسلم لیگ (ن) ریاض ریجن کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستان مسلم لیگ ن ریاض ریجن کی جانب سے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی یاد میں تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے صدر عدنان اقبال بٹ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پوری زندگی پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں گزری وہ ایک کرشماتی شخصیت کے مالک تھے انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو شہید سے لیکر تمام جمہوری اور عسکری حکمرانوں کے ساتھ نہایت ہی اصول پسندی کے ساتھ وقت گزارا اور اپنی لگن اور محنت سے پاکستان کو دنیا کی ساتویں ا یٹمی طاقت بنا دیا پوری قوم ان کے اس کارنامے پر ان کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ہم انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

مسلم لیگ ن ریاض کے سینئر نائب صدر سجاد چوہدری کا کہنا تھا کہ پارٹی قائد نوازشریف اور صدر شہباز شریف کی ہدایت پر سعودی عرب سمیت پوری دنیا میں لیگی ورکرز تعزیتی اجلاس منعقد کر رہے ہیں جس سے مسلم لیگ ن کی ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے دلی محبت اور عقیدت کا اظہار ہوتا ہے ہم ان کی کاوشوں اور خدمات کو کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔

اجلاس کے دیگر مقررین میں مسلم لیگ ن سعودی عرب کے سنئیر نائب صدر محمود الحق ڈوگر، فیصل علوی، ڈاکٹر محمود باجوہ، ڈاکٹر ریاض چوہدری، ملک احمد حسین، قاضی اسحاق میمن، فیصل لیاقت واہلہ، چوہدری عبدالمجید گجر اور دیگر نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آئندہ نسلیں بھی عبدالقدیر خان کی احسان مند رہیں گی عبدالقدیر خان نے پاکستان کو مسلم دنیا اور اقوام عالم میں سرخرو کر دیا پاکستان کو ایٹمی صلاحیت بنا کر جہاں خطے میں امن کا توازان قائم کیا وہیں بھارت کی اجارہ داری کا خاتمہ بھی ممکن بنایا اور ہم میاں نوازشریف کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے امریکہ سمیت دیگر ممالک کی دھمکیوں کو خاطر میں نا لاتے ہوئے ایٹمی دھماکے کرنے کا جراتمندانہ فیصلہ کیا اور بھارت کو ایٹمی دھماکے کرکے جواب دیا ہم عبدالقدیر خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور میاں نوازشریف کو جرات اور بہادری پر سلام پیش کرتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment