بارسلونا(تارکین وطن نیوز )بارسلونا کے نواحی علاقے روبی میں گزشتہ دنوں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر چاقو لگنے سے ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے پاکستانی دکاندار کی موت واقع ہو گئی تھی۔ اس بہیمانہ واردات پر ہسپانوی و پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور گزشتہ روزسٹی کونسل کے سامنے مظاہرہ کیاگیا۔
مظاہرے کے دوران قتل ہونے والے پاکستانی سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ شہریوں کی جانب قاتلوں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیاگیا۔ اس موقع پرپولیس کی مزید نفری اور حفاظتی اقدامات کو موثر بنانے کا مطالبہ کیاگیا۔
احتجاجی مظاہرے میں پاکستانی تنظیمات کے اراکین اور پاکستانی کمیونٹی اور مقامی افراد نے بھرپور انداز میں شرکت کی جبکہ بارسلونا کے مقامی علاقے روبی کا جھنڈا سانحہ کے سوگ میں سر نگوں کر دیا گیا۔