ویانا (رپورٹ:محمد عامر صدیق) منہاج القرآن انٹرنیشنل ویانا آسٹریا میں مرحوم ظہور راٹھور کے ایصال ثواب کے سلسلے میں قرآن خوانی اور محفل کا انعقاد کیا گیا۔ گزشتہ روز شام سات بجے منہاج القرآن اسلامک سنٹر ویانا میں ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی، محفل میں دیگر کے علاوہ مرحوم کے عزیز و اقارب، منہاج القرآن کے اراکین و صدر شیخ محبوب عالم اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔
قرآن خوانی کے بعد محفل ذکر کا آغاز مرحوم کے بیٹے میثم ظہور راٹھور کی تلاوت سے ہوا، ناشید، حاجی اکبر اور شہریار خان نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔
روزہ افطاری سے قبل ڈائریکٹر منہاج القرآن آسٹریا پروفیسر مدثر عوان نے ختم شریف پڑھا اور خصوصی خطاب علامہ غلام مصطفی بلوچ نے کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔ ہر دی ہوئی روح نے آخر موت کا ذائقہ چکھنا ہے موت ایک اٹل حقیقت ہے اس سے دنیا کا کوئی بڑے سے بڑا آدمی انکار نہیں کرتا ،ہر انسان نے آخر کار اس موت کی وادی میں جانا ہے۔
ایصال ثواب کا منشا عموماً یہ ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کی برکت سے میت سے عذاب میں تخفیف کر دیتے ہیں یا دور فرما دیتے ہیں، کبھی میت کے درجات کی بلندی یا میت پر شفقت و ترحم ہوتا ہے۔آخر میں ڈائریکٹر منہاج القرآن آسٹریا پروفیسر مدثر عوان نے مرحوم کے لئے اجتماعی فاتحہ خوانی کرائی۔
اجتماعی دعا میں مرحوم اور تمام مرحومین کی مغفرت اور درجات کی بلندی، امت مسلمہ، پاکستان کی ترقی وسلامتی ا ور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔اجتماعی دعا کے بعد روزہ افطار کیا گیا جس کے بعد نماز مغرب ادا کی گئی اور جملہ شرکائے محفل کو افطار ڈنر پیش کیا گیا۔ مرحوم کے بھائی ڈاکٹر افسر راٹھور نے تمام حاضرین کا محفل میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔