پیرس(رپورٹ:سلطان محمود) منڈی بہاوالدین کی معروف سماجی شخصیت ناصر عباس تارڑ نے اوورسیز منڈی بہاوالدین ہسپتال کی تعمیر کروا کر ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
اعجاز احمد بابر ساہی نے ایک سال قبل اوورسیز ہسپتال منڈی بہاءالدین کا جو خواب دیکھا تھا اس کو ناصر عباس تارڑ کی سرپرستی میں پوری ٹیم کی انتھک محنت اور ڈونرز کی فراخدلی سے حقیقت بنا دیا گیا ہے اس میں مرکزی کردار ناصر عباس تارڑ اور تمام ممالک میں بسنے والے اوورسیز بھائیوں کا ہے جن کو مبارکباد بھی پیش کرنا ہے اور خراج تحسین بھی پیش کرنا ہے۔
اسی سلسلے میں 27 مئی بروز ہفتہ پیرس میں مہاراجہ ریسٹورنٹ پر اوورسیز ہسپتال منڈی بہاءالدین کے ڈونرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پیرس میں موجود تمام ڈونرز نے شرکت فرمائی اور دیگر ممالک بشمول پاکستان سے احباب ذوم میٹنگ کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کا مقصد ڈونرز کا شکریہ ادا کرنے کیساتھ ساتھ اوورسیز ہسپتال منڈی بہاءالدین کے حوالے سے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنا تھا جس طرح ہم سب اس کے آغاز سے بڑے واضع انداز میں بتا چکے تھے یہ ہسپتال کسی فرد واحد کی ملکیت نہیں ہوگا بلکہ سب ڈونرز کا ہسپتال ہوگا اور اس کو چلانے کے لئے تمام انتظامی و مالی معاملات ڈونرز کی مشاورت سے طے کئے جائیں گے۔
اسی وعدے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے اجلاس منعقد کیا گیا اور سب کی متفقہ رائے سے اعجاز احمد بابر ساہی کو اوورسیز ہسپتال منڈی بہاءالدین کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی سب معاملات میں ڈونرز سے مشاورت اور ان کی آراء کی روشنی میں فیصلے کئے جائیں گے، تمام مالی و انتظامی معاملات چلانے کیلئے میرٹ پہلی ترجیح ہوگی اور شفافیت کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا، پوری کوشش ہوگی جس مقصد کیلئے ہسپتال بنایا گیا ہے اس کی روح کے مطابق کام کیا جائے۔
آخر میں منتظمین کی جانب سے تمام ڈونرز کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اس اجلاس میں شرکت فرما کر فیصلہ سازی میں اپنا کردار ادا کیا اور اپنی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔