عوام اور افواج میں فاصلہ اور بد اعتمادی ہمیں مزید کمزور کرے گی،صاحبزادہ عتیق الرحمن
پاکستان بزنس فورم فرانس کے زیر اہتمام کل جماعتی پاکستان زندہ باد کانفرنس کا انعقاد
کانفرنس میں مختلف سیاسی ، سماجی و کاروباری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی
پیرس (رپورٹ :سلطان محمود )پاکستان بزنس فورم فرانس نے کل جماعتی پاکستان زندہ باد کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس میں مختلف سیاسی ، سماجی و کاروباری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
پاکستان تب ہی مضبوط ہوگا جب افواج پاکستان اور عوام پاکستان میں فاصلے کم ہوں گے۔ کانفرنس میں شہداء افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے موجودہ حالات کے پیش نظر پاک فوج کے شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی ، اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے آپسی اتحاد ، ارض وطن کے استحکام کے لئے پاکستان بزنس فورم فرانس نے کل جماعتی پاکستان زندہ باد کانفرنس کا اہتمام کیا۔ کانفرنس کی میزبانی بزنس فورم کے چیئرمین سردار ظہور اقبال نے کی۔
سردار ظہور اقبال نے کہا کہ افواج پاکستان کے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ شہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، 9 مئی کے مجرموں کو سخت سزا دی جائے لیکن بے گناہ سیاسی ورکرز کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئے۔
پاکستان پریس کلب کے بانی صدر صاحبزادہ عتیق الرحمن نے کہا کہ افواج پاکستان ملکی دفاع کی ضامن ہیں، اور پاکستان کی بقا کے ضامن عوام ہیں ، عوام اور افواج میں فاصلہ اور بد اعتمادی ہمیں مزید کمزور کرے گی۔
مسلم لیگ ن فرانس کے چئیرمین راجہ علی اصغر نے کہا کہ ہم دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور افواج پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں شہدا افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔
تحریک انصاف فرانس کے سینئر راہنما چوہدری گلزار لنگڑیال نے کہا کہ9مئی کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مکمل اظہار کرتے ہیں۔ بے گناہ کارکنوں اور خواتین کو فوری رہا کیا جائے۔
انٹرنیشنل ہیومن رائٹس یورپ کے صدر وقار احمد باجوہ نے کہا کہ ریاستی اقدامات تدبر اور تحمل مزاجی کے متقاضی ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے سینئر راہنما اور فوکل پرسن وفاقی وزیر اوورسیز اصغر صغیر نے کہا کہ افواج پاکستان سے ہر پاکستانی محبت کرتا ہے اور پاکستان تب ترقی کرے گا جب تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں گے۔