سویڈن میں پرمننٹ ویزے کے لئے سویڈن زبان اور معاشرتی علوم کا ٹیسٹ لازمی قرار دیدیا گیا
سٹاک ہوم(رپورٹ:زبیر حسین)سویڈن میں شہریت کے قوانین میں سختیوں کے بعد اب مستقل رہائشی ویزوں کےلئے بھی نئے قوانین متعارف، اب سویڈن میں پرمننٹ ویزے کے لئے سویڈن زبان اور معاشرتی علوم کا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا۔
یہ بہت ضروری ہے کہ جوسویڈن میں مستقل رہائش اختیار کرنا چاہتے ہیں ان کو اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کا علم ہو اور ہر شخص اپنے ذریعہ معاش کے لئے خود سے کوشش کرے ،ان خیالات کا اظہار سویڈن کی مائگریشن منسٹر ماریہ مالمر نے پارلیمنٹ میں ایک تحقیقی رپورٹ جمع کرتے ہوئے کیا۔
مذکورہ تحقیقی رپورٹ کے مطابق یورپ کے بیشتر ممالک میں مستقل ویزے جاری کرنے سے قبل درخواست گزار کو قومی زبان ،ملک کی تاریخ اور معاشرت کے حوالے سے امتحان دینا پڑتا ہے،سویڈن میں اس طرزِعمل کا اطلاق مہاجرین کو سویڈش معاشرے میں ضم ہونے میں بہترین کردار ادا کرے گا۔
مذکورہ ٹیسٹ کی فیس 700 کرونا ہوگی اور یہ ٹیسٹ آن لائن دینا ہوگا، ٹیسٹ 18 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کے لئے ہوگا جبکہ بچے، بزرگوں ، ذہنی معذور اور اقوامِ متحدہ کی جانب سے ریفیوجی کوٹہ پر آئے مہاجرین اس ٹیسٹ سے مستشنٰی ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے مستقل ویزے جاری کرنے پر پابندی کا اعلان کیا تھا مگر اب حکومت کا کہنا ہے کہ سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کو مستقل ویزے جاری نہیں کئے جائیں گے۔
البتہ دیگر افراد مستقل ویزوں کی درخواست دے سکتے ہیں، مستقل ویزے کے اس نئے قانون کا اطلاق یکم جولائی 2027 سے ہوگا۔