وزیراعظم عمران خان سیاسی اکائیوں کو مضبوط کریں، پختونوں سے متعلق بیان واپس لیں: اہالیانِ ریاض

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد اہالیان ریاض کی جانب سے پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں کہا گیا کہ جس طرح دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہے اسی طرح دہشت گردی کو کسی ایک قوم کے ساتھ جوڑنا مناسب نہیں ہے وزیراعظم عمران خان ملکی اکائیوں کے درمیان تعلقات کو خراب کر رہے ہیں۔

دارالحکومت ریاض میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اے این پی سعودی عرب کے صدر ڈاکٹر سید مزمل شاہ نے کہا کہ پختون ایک محب وطن قوم ہے جس نے ملک وقوم کی خاطر نمایاں قربانیاں دی ہیں مگر وزیراعظم عمران خان نے اپنے انٹرویو میں پختونوں کے حوالے سے جو بیان دیا ہے اس سے تمام پختونوں کی دل آزاری ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ پختونوں کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، کشیدہ حالات میں اس قوم پر حملے ہوئے، ان کا خون بہایا گیا مگر یہ قوم اپنی محب وطنی پرقائم رہی اور اب بھی اس ملک اور اس مٹی سے والہانہ محبت کرتی ہے۔

پریس کانفرنس سے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے عہدیداروں میں خالد اکرم رانا، احسن عباسی، ممتاز خان، قاضی اسحاق میمن، اقبال ودود ،حنیف بابر نے کہا کہ جس طرح دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہے اسی طرح دہشت گردی کو کسی ایک قوم کے ساتھ جوڑنا مناسب نہیں ہے اس لئے وزیراعظم عمران خان کو اپنا بیان واپس لینا چاہئےاور اکائیوں کے اتحاد کو مضبوط بنانا چاہئے اسکے علاوہ وزیراعظم عمران خان اور انکی حکومت نے جس قدر ملک کو مسائل میں دوچار کر دیا ہے مناسب یہی ہے کہ اقتدار چھوڑ کر ملک و قوم کو آگے بڑھنے دیں ملکی معیشت کا بیڑہ غرق ہوچکا ہے مہنگائی اور بے روزگاری کی بدولت عوام خودکشیاں کر رہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات میں ہوشربا اضافے نے عوام کی نیندیں اڑا دی ہیں اور وزیراعظم ملک کو آئی ایم ایف کے رحم و کرم پر چھوڑ کر اقتدار کے نشے میں گم ہیں۔

Comments (0)
Add Comment