یہ معاہدہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی قیدیوں کو اپنی سزا کی کچھ مدت پاکستان میں گزارنے کی اجازت دے گا
سفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے مثبت امیج کو پیش کرنے میں میڈیا کے کردار کو سراہا
پی جے ایف نے ثقافتی پروگراموں کے ذریعے پاکستانی ثقافت کے فروغ میں فیصل نیاز ترمذی کو خراج تحسین پیش کیا
دبئی (طاہر منیر طاہر) سفارت خانہ پاکستان، متحدہ عرب امارات کے ساتھ مجرموں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل پیرا ہے اور جلد ہی اس کے نفاذ کے لیے پر امید ہے۔ یہ معاہدہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی قیدیوں کو اپنی سزا کی کچھ مدت پاکستان میں گزارنے کی اجازت دے گا، جس کا پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے طویل انتظار کا مطالبہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان جرنلسٹس فورم کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا- وفد میں پاکستان جرنلسٹس فورم کے صدر طاہر منیر طاہر، سعدیہ عباسی، مظفررضوی، عنایت الرحمان، ارشد چوہدری اورکاشان تمثیل ہاشمی شامل تھے۔
میڈیا کے وفد نے میڈیا میں پاکستان کی مثبت پیش رفت، معاشرے میں ان کے کردار کو اجاگر کرنے کے ذریعے کمیونٹی کی خدمت اور کمیونٹی ویلفیئر کے لیے آئیڈیاز تجویز کرنے سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے انہیں متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کمیونٹی ویلفیئر کے لئے کئے جانے والے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔
پی جے ایف نے گزشتہ چند ماہ میں مختلف ثقافتی پروگراموں کے ذریعے پاکستانی ثقافت کے فروغ میں سفیرفیصل نیاز ترمذی کی خصوصی توجہ کو سراہا۔ سعدیہ عباسی، سیکرٹری جنرل پی جے ایف نے تجویز پیش کی کہ اس طرح کی تقریبات میں اضافہ کیا جائے کیونکہ یہ ثقافتی پیش کش کا ذریعہ ہیں اور لوگوں کو پاکستانی ثقافت اور روایات کے بارے میں جاننے میں مدد کرتے ہیں۔
آخر میں سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے مثبت امیج کو پیش کرنے میں میڈیا کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی تحریروں کے ذریعے پاکستانی ثقافت، خوراک، کھیلوں اور معاشرے کے اعلیٰ کارناموں کو اجاگر کریں۔