یونان کشتی حادثہ میں لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں
انسانی سمگلنگ کے تمام نیٹ ورکس کو کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا،صدر پی پی پی گلف
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان پیپلز پارٹی گلف کے صدر میا ں منیر ہانس نے یونان کشتی حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ،افسوس اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کیلئے بخشش و مغفرت اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ملک کے اندر روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہونگے اورانسانی سمگلر ز کی کڑی گرفت ہونی چاہیے۔ میاں منیر ہانس نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یونان کشتی حادثہ میں لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے پر زور دیا ہے اور کہا کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں اوراس مکروہ دھندہ میں ملوث تمام کرداروں کو سخت ترین سزا دی جائے تا کہ آئندہ کسی کوانسانی سمگلنگ کی جرات نہ ہو سکے۔