سکول کی خدمت کوفریضہ سمجھتے ہوئے بڑھ چڑھ کرحصہ لینے والوں کا شکریہ ،پرنسپل مسزفرحت جدون
سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی نے سکول کے تعمیراتی کاموں میں حصہ لینے والے ممتازپاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کیا
دبئی (طاہر منیر طاہر) سفارت خانہ پاکستان کی زیرسرپرستی پاکستان کمیونٹی ویلفئیراسکول مصفح کی تعمیراور فلاح و بہبود کےلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اورمالی تعاون کرنے والی پاکستانی کمیونٹی کی ممتازسماجی وکاروباری شخصیات کوتعریفی اسناد اور یادگاری شیلڈزپیش کرنے کےلئے ایک پروقار تقریب کااہتمام کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی تھے۔ پرنسپل مسزفرحت جدون نے اسکول کی تزئین وآرائش اوردیگرضروری تعمیراتی کاموں کے لئے تعاون پر پاکستانی کمیونٹی کی ممتازشخصیات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری اسکول انتظامیہ اوریہاں زیرتعلیم سیکڑوں بچے اپنے ان محسنوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمیشہ اسکول کی خدمت کوفریضہ سمجھتے ہوئے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا جس پرہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اورامید کرتے ہیں کہ یہ معززشخصیات مستقبل میں بھی اسی طرح اسکول کی سرپرستی کرتی رہیں گی تاکہ علم کی روشنی کا یہ سفرکامیابی کے ساتھ جاری وساری رہے۔
سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی نے اسکول کے تعمیراتی کاموں میں حصہ لینے والے ممتازپاکستانی عمائدین چوہدری الطاف حسین، چوہدری عمرعباس گوندل، شوکت محمودبٹ، میاں امجد جاوید، انجینئرشکیل بھٹی، ملک نبیل، بابرجووندہ، چوہدری ثاقب اوردیگرشخصیات کوانکی اسکول کے لئے خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد اوریادگاری شیلڈزسے نوازا۔
سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی نے پاکستانی کمیونٹی اسکول مصفح میں اپنا حصہ ڈالنے والے پاکستانی کمیونٹی کے ممتازاراکین کے جذبہ حب الوطنی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان صاحبان نے اسکول کی تعمیر اور دیگر امورمیں تعاون کرکے صدقہ جاریہ میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔
پاکستانی کمیونٹی کے دیگرمعززین سے بھی درخواست ہے کہ وہ بچوں کے سنہری مستقبل کے لئے اسکولوں میں نئے بلاکس کی تعمیرکے سلسلہ میں ہمارا ہاتھ بٹائیں کیونکہ کمیونٹی اسکولوں میں کمرے نہ ہونے کی وجہ سے سیکڑوں بچے داخلہ نہیں لے سکتے اور انکی تعلیم کاحرج ہورہاہے میری دلی خواہش ہے کہ میں اپنے سفارتی دورکے دوران اسکول میں نئے کمروں کی تکمیل کراسکوں۔ جس کے لئے مجھے پاکستانی کمیونٹی کا تعاون درکار ہے آئیے آگے بڑھیں اورنیکی کے اس مشن میں ہمارا ساتھ دیں۔