جدہ (امیر محمد خان سے ) جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز (جے کے سی او) کی طرف سے قونصل جنرل پاکستان قونصلیٹ جدہ خالد مجید اور او آئی سی میں پاکستان کے مندوب فواد شیر کے اعزاز میں عشائیہ کی پروقار تقریب،جس کی صدارت جے کے سی او کے چیئرمین سردار وقاص عنایت اللہ نے کی، نظامت کے فرائض سردار مہتاب سرور نے سنبھالے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی قونصل جنرل خالد مجید نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹے گا جب تک کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت مل نہیں جاتا،بھارت کے مظالم پر پاکستان کسی صورت خاموش نہیں رہ سکتا،انھوں نے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا کہ قونصل خانے نے جو بھی بہتری کے اقدامات کیے ہیں اور اس کو پاکستان کے عوام کے لیے بہترین سہولت کاری کا مرکز بنایا ہے اس میں کمیونٹی اور قونصل خانے میں موجود میری ٹیم کا بہت بڑا کردار ہے، سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ہماری ہر جائز بات اور مطالبے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے کے سی او کے سینئر وائس چیئرمین انجینئر عارف مغل نے مہمانان کو خوش آمدید کہا اور جے کے سی او کی تاسیس اور تاریخ کے حوالے سے شرکا کو بتایا ،انھوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں کشمیریوں کی دہائیوں سے نسل کشی کررہا ہے انسانی حقوق کی پامالی کررہا ہے،یسین ملک اور شبیر شاہ سمیت بیشمار کشمیری راہنماؤں کو صرف اس لیے قید و بند کیا ہوا ہے کہ وہ اپنی دھرتی کی آزادی کی بات کرتے ہیں،کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو رکنا چاہیے اور کشمیری راہنماؤں اور دیگر معصوم کشمیریوں کو فی الفور رہا کرنا چاہیے اور کشمیریوں کو ان کا حق استصواب رائے ملنا چاہیے ،انھوں نے سعودی عرب اور او آئی سی کی خدمات کو بھی سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے مسلم امہ بہت اہم کردار ادا کرسکتی ہے اور اسے یہ کردار ہو صورت ادا کرنا چاہیے۔
چیئرمین جے کے سی او سردار وقاص عنایت اللہ نے مہمانان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور قونصل جنرل کی خدمات پر انکو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی قونصل جنرل خالد مجید کو جے کے سی او کی طرف سے ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک خوبصورت شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
تقریب میں پاکستان اور کشمیر کی تقریبا ً تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین، قونصل خانے کے افسران اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے ساتھ ساتھ دیگر لوگوں نے بھی شرکت کی۔ شریک مہمان خاص او آئی سی میں پاکستان کے سفیر فواد شیر کچھ خاص مصروفیات کی وجہ سے نہ آ سکے۔
تقریب کے اختتام پر کشمیر کی آزادی، پاکستان کی بقا اور سعودی عرب کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔