پارا سپورٹس کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر شہزاد نے تنظیم کا تفصیلی تعارف کروایا
سٹیج سیکرٹری کے فرائض سید سلیم اختر اور ٹک ٹاکر فہد اسد نے سرانجام دئیے
پاکستان اوور سیز کمیونٹی گلوبل گلف کے صدر ظہیر احمد کی طرف سے سپانسرزکا شکریہ
پارا سپورٹس فاؤنڈیشن ٹیم کو شیلڈز اور ٹرافیوں اور بچوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل امارات میں پاکستانیوں کی مشکلات کے ازالہ کیلئے پیش پیش ہوتی ہے۔ سید سلیم اختر صدر تنظیم یواے ای اور ظہیر احمد صدر تنظیم گلف کمیونٹی کی خدمت میں ہمیشہ متحرک رہتے ہیں۔ اپنے اسی جذبے کے پیش نظر پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی میں پارا سپورٹس سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اکیڈمی کی پرنسپل شمائلہ احمد کے تعاون سےیہ پروگرام منعقد کیا گیا۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا،تلاوت و نعت کی سعادت ڈاکٹراکرم شہزاد نے حاصل کی، سٹیج سیکرٹری کے فرائض سید سلیم اختر اور ٹک ٹاکر فہد اسد نے سرانجام دئیے۔ دونوں نے اپنے خوبصورت اور دلکش انداز میں حاضرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی رکھی۔
پارا سپورٹس کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر شہزاد نے اپنی تنظیم کا تفصیلی تعارف کروایا، سوشل ورکر اور کمیونٹی کی خدمت کیلئے ہمہ وقت حاضر صائمہ نقوی کی کوششوں سے بچوں نے پاکستان سے آئے مہمانوں کیلئے مختلف خاکے، تقریریں اور نظمیں پیش کیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایکٹنگ جنرل کونسل آف پاکستان رحیم اللہ خاں نے پاکستانی اوور سیز کمیونٹی گلوبل کی اس کاوش کو سراہا اور پارا سپورٹس کے چیئرمین طاہر شہزاد کی حوصلہ افزائی کی۔ میاں منیرہانس اور نورالصباح نےبھی اپنی تقریروں میں اس پروگرام کی تعریف کی اور کہا کہ آئندہ بھی ہمیں ایسے پروگرام منعقد کرتے رہنا چاہئیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے تاکہ یہ کسی محرومی کا شکار نہ ہوں۔
پاکستان اوور سیز کمیونٹی گلوبل گلف کے صدر ظہیر احمد نے اپنے تمام سپانسرز NFL، ولید العلی ٹورازم ، چائے شائے ریسٹورنٹ، فرسٹ ایگل گروپ اور یونائیٹڈ گریس اینڈ لبریکینٹس عجمان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور ان کے تعاون کو سراہا۔
پاکستانی کمیونٹی کی اہم ترین شخصیات نے اس پروگرام میں شرکت کی جن میں صدیق یاسین، فرزانہ منصور اور دیگر شخصیات کی آمد پر شکریہ ادا کیا گیا۔ ولید العلی ٹوورز کی جانب سے چار عمرہ پیکیجز کا اعلان کیا گیا، قرعہ اندازی کے ذریعے جن چار خوش نصیبوں کےٹکٹ نکلے ان کی خوشی قابل دید تھی۔
پروگرام کے آخر میں تمام سپانسرز، میڈیا ممبران، پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی اور پاکستان سے آئی ہوئی پارا سپورٹس فاؤنڈیشن کی تمام ٹیم کو شیلڈز اور ٹرافیوں سے نوازا گیا۔ پارا سپورٹس ٹیم میں پاکستانی اوور سیز کمیونٹی گلوبل کی جانب سے یونیفارم کٹ بھی تقسیم کی گئیں۔ پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی کی جانب سے پاکستان اوور سیز کمیونٹی گلوبل کے صدر سید سلیم اختر کو شیلڈ سے نوازا گیا اور بچوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔
مہمانان گرامی نے پاکستانی اوور سیز کمیونٹی گلوبل کی ٹیم کو پروگرام کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ تمام ممبران سید سلیم اختر، ظہیر احمد، ندیم پراچہ، آصف پراچہ، رانا انیس، اسلم سرکانی، عمر بلوچ، ڈاکٹر نسیم فردوس، میڈم خالدہ بخاری، زبیدہ خانم اور ورفان کی کاوشوں سے پروگرام کا انعقاد کیا جاسکا۔