متحدہ عرب امارات میں ایک عرصہ تک رہنے والے ہر فن مولا سید شرافت علی شاہ کی خدمات کو خراج تحسین

وہ بیک وقت ڈرامہ نگار، فلم سٹار، سٹیج آرٹسٹ، ٹی وی آرٹسٹ، کمپیئر مشاعروں کا نظامت کار، بیت بازی کے مقابلوں کے جج اورمحب وطن پاکستانی ہیں،امجد اقبال امجد

سید شرافت علی شاہ آجکل پاکستان میں مختلف النوع ادبی سرگرمیوں میں مصروف ہیں

دبئی اور دیگر امارات میں ان کی ملکی و ملی خدمات کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں ایک عرصہ تک بسلسلہ روزگارمقیم سید شرافت علی شاہ اپنی مدت ملازمت پوری کر کے پاکستان واپس جا چکے ہیں، انہوں نے اپنے ریگولر جاب کے ساتھ ساتھ اعزازی طور پر پاکستانی کمیونٹی کے لئے بیشمار خدمات انجام دی ہیں جس کا اعتراف سبھی پاکستانی کرتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ سید شرافت علی شاہ جانے کے بعد بھی یہاں مقیم پاکستانیوں کے دلوں میں بستے ہیں اور سبھی انہیں یاد بھی کرتے ہیں، جب بھی پاکستان کا یوم آزادی، قومی دن یا تہوارآتا ہے تو اسٹیج کی دنیا کے بے تاج بادشاہ سید شرافت علی شاہ کی یاد ضرور آتی ہے، انہوں نے اپنے اعلیٰ اخلاق کی وجہ سے اپنے جاننے والوں کے دلوں میں انمٹ نقوش اور خوبصورت یادیں چھوڑی ہیں۔

ہمارے مشترکہ دوستوں میں سے ایک دوست امجد اقبال امجد نے سید شرافت علی شاہ کے بارے اپنی یادیں تازہ کرتے ھوئے کہا کہ ڈرامہ نگار فلم سٹار اسٹیج آرٹسٹ ٹی وی آرٹسٹ کمپیئر مشاعروں کا نظامت کار بیت بازی کے مقابلوں کا جج ہر فن مولا سب سے بڑھ کر محب وطن پاکستانی اپنے چاہنے والوں کے دل کا جانی سید شرافت علی شاہ ہے۔

ان کی 2000 میں دوبئی آمد ہوئی آج تک ان کے بغیر کوئی میلا سجتا ہی نہیں آواز ایسی کہ مائیک کے بغیر بھی ہزاروں کے مجمع کو اپنی سحرانگیز آواز سے باندھ لے۔ کروز پر پہلی ملاقات ہوئی تھی بولان ایوارڈ شو میں پہلے دن ہی استاد مان لیا تھا، میں نے فیصلہ کیا اس بندے سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہوں سو آج تک سلسلہ جاری ہے، جملوں کا استعمال ہا ل میں بیٹھے لوگوں سے ربط سیکھتا ہوں۔

شرافت شاہ کا ڈرامہ "گڈ نیوز” اور "بریکنگ نیوز” اپنی قوم کے ساتھ محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے جو اداکار نہیں تھے انہیں اداکار بنا دیتے ہیں، دونوں ڈرامے نئے اداکاروں سے کئے، پرانے اداکار بھی منہ میں انگلیاں دبا کر بیٹھ گئے واہ شاہ جی واہ۔ کمال کی تحریریں اور ڈائریکشن راحت کاظمی اور ارشد ایوب لیول کا کام دیکھ کر داد دیے بغیر نہیں رہ سکتا۔

عمر شریف کے ساتھ کام کر چکے ہیں مگر سنجیدہ کام کرتے ہیں ڈائیلاگ ڈلیوری دلیپ کمار جیسی مجھے فخر ہے ان کے عہد میں دوبئی میں رہائش پذیررہا ہوں ۔ تیسرا ڈرامہ "فیصلہ” آنے کو ہے جبکہ آجکل وہ کراچی میں مختلف النوع ادبی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور اسٹیج و ٹی وی ڈراموں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ہماری دعا ہے کہ اللہ تعا لیٰ انہیں مزید کامیابیوں سے ہمکنار کرے۔

امجد اقبال امجدسید شرافت علی شاہ
Comments (0)
Add Comment