قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں یوم استحقاق کشمیر کے حوالے سےکمیونٹی تقریب کا انعقاد

تقریب میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی

مقررین نے بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی

کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا گیا

دبئی (طاہر منیر طاہر) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں آج یوم استحقاق کے حوالے سے ایک کمیونٹی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں دبئی میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجتماع سے کشمیری رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی کے افراد نے خطاب کیا۔

انہوں نے 5 اگست 2019 کو بھارت کی یکطرفہ اور غیر قانونی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ IIOJK میں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مقصد کے حصول تک بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت اخلاقی اور قانونی طور پر کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے کا پابند ہے جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرکے اپنا کردار ادا کرے۔

اپنے ریمارکس میں قائم مقام قونصل جنرل رحیم اللہ وزیر نے کہا کہ آج 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے چار سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کا مقصد جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنا اور آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنا ہے۔

مقبوضہ علاقے کے یہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر، یو این ایس سی کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ قائم مقام قونصل جنرل نے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا اور کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے پاکستانی حکومت اورعوام کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی میڈیا اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی حالت زار کا نوٹس لیں جنہیں بھارتی مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تقریب کے موقع پر IIOJK میں بھارتی مظالم کی عکاسی کرنے والی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔

تقریب کے دوران IIOJK میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ تقریب کا اختتام کشمیری شہداء کے لیے خصوصی دعا اور جدوجہد کی کامیابی کے ساتھ ہوا۔

Consulate General of Pakistan DubaiKashmir Rights Dayقونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئییوم استحقاق کشمیر
Comments (0)
Add Comment