کویت (رپورٹ:محمد عرفان شفیق) کویت میں اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت یوتھ ونگ کی جانب سے سمرکیمپ کے بچوں کے لیے گرین ہینڈز انوارنمنٹ ٹیم کویت کے اشتراک سے ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر ساحل سمندر کی صفائی، تحفظ اور آگاہی مہم کاانعقاد کیا گیا جس میں اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت یوتھ ونگ کے عہدیداران اورایگزیکٹو ممبران، گرین ہینڈز انوارنمنٹ ٹیم کویت کے ارکان کے علاوہ بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
کویت میں سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ امیر سیال نے خصوصی طور پر اس مہم میں شرکت کی اور بچوں کی شرکت کو بے حد سراہا۔
صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت جاوید اقبال اور اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت یوتھ ونگ نوید پاشا نے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے شرکاء کو ماحولیاتی آلودگی اور اس کے پیش نظر ہونے والے اثرات اور انکے تدارک کے لیے حاضرین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور ہر ذمہ دار شخص کو چاہیے کہ وہ اس امر کو اپنائے۔
کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ امیر سیال نے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اردگرد کا ماحول صاف رکھنا بحثیت مسلمان ہمارا اولین فرض ہے اور اسلام بھی ہمیں صفائی کا درس دیتا ہے۔ کویت میں بسنے والے تمام افراد اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہیں جس کی وجہ سے یہاں بسنے والے پاکستانیوں کا مثبت پہلو اجاگر ہو رہا ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ ہم اپنے گردونواح خصوصی طور پر اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔
گرین ہینڈز انوارنمنٹ ٹیم کویت کے ارکان نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر ہمیں اپنے ارد گرد کا ماحول ہمیشہ صاف رکھنا چاہیے اور مستقبل میں بھی اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے ساتھ ملکر مزید ماحولیاتی دوست پروگرام پر کام کریں گے۔